مشتعل لوگوں نے گھر میں توڑ پھوڑ کی
جدید بھارت نیوز سروس
گریڈیہہ، 18 نومبر:۔ گریڈیہہ میں ایک گھر میں ممنوعہ گوشت ملنے پر مقامی لوگ مشتعل ہوگئے۔ لوگوں نے ملزم کے گھر میں توڑ پھوڑ کی ہے۔ یہ واقعہ ضلع کے بینگ آباد تھانہ علاقے کے بڑکی ٹانڑ پنچایت کے گھاگھرا گاؤں میں اتوار کی دیر رات پیش آیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی کا ماحول پیدا ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا۔ پولیس نے ممنوعہ گوشت برآمد کرکے علاقے میں سیکیورٹی سخت کردی ہے۔ گاؤں میں سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔
پولیس کے پہونچنے پر بھی لوگ نعرے بازی کرتے رہے
واقعہ کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ گاؤں کے ایک شخص کے گھر ممنوعہ گوشت ملنے کی اطلاع پر لوگ وہاں پہنچے۔ زبردستی گھر کے اندر داخل ہو کر ممنوعہ گوشت برآمد کیا۔ اس دوران گھر کے لوگ جان بچا کر وہاں سے فرار ہو گئے۔ گوشت دیکھ کر لوگوں نے گھر میں توڑ پھوڑ شروع کر دی۔ لوگ اتنے غصے میں تھے کہ پولیس کے پہنچنے کے بعد بھی وہ نعرے لگاتے رہے۔ پولیس نے کافی کوشش کے بعد ماحول کو پرسکون کیا۔