West Bengal

مغربی بنگال کے بردوان ریلوے اسٹیشن پر پانی کا ٹینک گرنے سے تین مسافروں کی موت

355views

کولکاتا، 13 ستمبر ۔ مغربی بنگال کے بردوان ریلوے اسٹیشن پر بدھ کو ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ یہاں اچانک پانی کا ٹینک ٹوٹ کر گر گیا اور کئی لوگ دب گئے۔ پانی کی ٹنکی کی زد میں آکر تین مسافروں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ کئی افراد شدید زخمی بتائے جاتے ہیں۔ حادثے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت روکنی پڑی۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ پانی کا ٹینک پلیٹ فارم نمبر دو اور تین کے درمیان گرا۔ اطلاع ملتے ہی فائر ڈیپارٹمنٹ، ریلوے پروٹیکشن فورس اور ریلوے کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ سرکاری ریلوے پولیس (جی آر پی) کے اہلکار فوری طور پر ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ملبے سے تین افراد کی لاشیں ملیں جنہیں اسپتال لے جانے پر ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔ ایسٹرن ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر کوشک مترا نے بتایا کہ ریلوے کے سینئر افسران موقع پر موجود ہیں۔ یہ حادثہ تقریباً 12:30 بجے پیش آیا۔ زخمیوں کو بردوان میڈیکل کالج لے جایا گیا ہے۔ حادثے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔ سب سے زیادہ نقصان پلیٹ فارم نمبر تین پر ہوا ہے اور یہاں کھڑے لوگ ٹینک کے ملبے کی زد میں آئے ہیں۔ حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ ایک عینی شاہد کے مطابق مسافروں کی بڑی تعداد نیچے بیٹھ کر ٹرین کا انتظار کر رہی تھی، اسی دوران پانی کی ٹنکی زور دار آواز کے ساتھ گر گئی۔ اس میں کئی مسافر دب گئے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 2020 میں بھی اسی بردوان ریلوے اسٹیشن پر فٹ اوور برج گر گیا تھا، جس میں کئی لوگ دب گئے تھے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.