International

اسرائیلی فائرنگ سے تین لبنانی فوجی ہلاک

39views

جنوبی قصبوں پر فاسفورس بم برسائے: حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں

بیروت 24 اکتوبر (ایجنسی) اسرائیلی فوج نے آج جمعرات کی صبح جنوبی لبنان پر فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کیا جو ابھی تک رکنے میں نہیں آیا ہے۔ العربیہ کے نمائندے کے مطابق مسلسل جاری بم باری میں سرحد پر واقع کئی دیہات کو لپیٹ میں لے لیا۔ ان میں عیتا الشعب اور کفر کلا کے علاوہ الخیام، مثلث رب ثلاثین اور حانین شامل ہے۔ عیتا الشعب میں حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں۔اسرائیل نے جنوب کے کئی قصبوں پر بعض فاسفورس بم بھی برسائے۔ادھر لبنانی فوج کے اعلان کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین لبنانی فوجی اس وقت ہلاک ہو گئے جب وہ صلیب احمر تنظیم کے ساتھ مل کر جنوب کے ایک قصبے سے “زخمیوں کو نکالنے” کا کام انجام دے رہے تھے۔اسی طرح کئی طبی کارکنان کو بھی درمیانے اور معمولی زخم آئے۔یاد رہے کہ 4 روز پہلے بھی جنوب کے ایک قصبے میں اسرائیلی فوج نے ایک سواری کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں تین لبنانی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ اس طرح 23 ستمبر کے بعد اب تک مارے جانے والے فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہو چکی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 160 سے زیادہ اہداف پر حملہ کیا۔ ایکس پلیٹ فارم پر تصاویر اور وڈیوز کے ساتھ کی گئی پوسٹ میں حزب اللہ کے درجنوں مسلح جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔العربیہ کے نمائندے کے مطابق اسرائیل کے شمال میں مغربی الجلیل اور بالائی الجلیل میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ مزید یہ کہ لبنانی جانب سے نہاریا کی سمت داغے گئے 4 راکٹوں کو فضا میں روک لیا گیا۔ اس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔واضح رہے کہ حزب اللہ تنظیم نے کل بدھ کے روز تصدیق کی تھی کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے کسی بھی گاؤں پر پوری طرح کنٹرول حاصل نہیں کر سکی ہے۔گذشتہ ماہ 23 ستمبر سے اسرائیل نے لبنان کے جنوبی حصے کے علاوہ البقاع (مشرق میں) اور بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الضاحی پر اپنی تباہ کن بم باری تیز کر دی ہے۔رواں ماہ یکم اکتوبر سے اسرائیل نے جنوبی لبنان میں سرحدی قصبوں میں محدود زمینی آپریشن بھی شروع کر دیا۔ اسرائیل نے دھمکی دی ہے کہ ایران نواز حزب اللہ تنظیم پر حملوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔اسرائیلی حکومت سرحد پر “بفر زون” جیسا علاقہ قائم کرنے اور حزب للہ کو دریائے لیطانی کے شمال میں دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران میں لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 1500 سے زیادہ شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان کے علاوہ بیروت کے جنوب اور جنوبی لبنان سے نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد 12 لاکھ کے قریب ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.