National

دہلی میں اسپتالوں اور آئی جی آئی ائیرپورٹ کو بھی بم سے اڑانے کی دھمکی! ایک ہی آئی ڈی سے بھیجے گئے ای میل

143views

نئی دہلی: دہلی کے دو مختلف اسپتالوں کو ای میل بھیج کر بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی، اس کے بعد اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی اسی طرح کا دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا۔ دہلی فائر سروس کے مطابق، انہیں دو اسپتالوں سے کال موصول ہوئی ہے، پہلی براڑی سرکاری اسپتال سے اور دوسری منگل پوری کے سنجے گاندھی اسپتال سے۔ دہلی کے فائر آفیسر کے مطابق معاملے کی تحقیقات ابھی جاری ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ ای میل ملنے کے بعد اسپتال انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد بم اسکواڈ اور فائر ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ پولیس ٹیمیں اسپتال پہنچ گئیں۔ جن اسپتالوں کو بم کی دھمکی کا ای میل بھیجا گیا ہے ان میں براڑی کا سرکاری اسپتال اور منگل پوری کا سنجے گاندھی اسپتال شامل ہیں۔

دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ اسپتال میں بم کی دھمکی کے حوالے سے ایک ای میل موصول ہوا تھا۔ مقامی پولیس ہسپتال میں تفتیش کر رہی ہے۔ ابھی تک کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔

دہلی کے اسپتال کے بعد اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی دھمکی آمیز ای میل موصول ہو گیا۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ ایئرپورٹ پر تلاشی لی جا رہی ہے۔ اسپتال اور اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ایک ہی آئی ڈی سے ای میل بھیجا گیا ہے۔ یہ ای میل 3 بجے کے قریب بھیجی گئی تھی۔ تاہم پولیس کی تفتیش میں ابھی تک ایئرپورٹ پر کچھ نہیں ملا۔

اس سے پہلے بدھ یکم مئی کو دہلی-این سی آر کے تقریباً 150 اسکولوں کو بم کی افواہ پر مشتمل ایک ای میل بھیجا گیا تھا۔ اس کے لیے مجرموں نے روسی ای میل سروس کا استعمال کیا تھا۔ یہ سروس صارفین کو گمنام رہنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کو چھپانے میں مدد کرتی ہے۔

ای میل موصول ہونے کے بعد پولیس نے تمام اسکولوں میں جا کر سرچ آپریشن کیا۔ پولیس ڈاگ اور بم اسکواڈ کے ساتھ اسکولوں میں پہنچ گئی۔ بعد میں انکشاف ہوا کہ دھمکی آمیز ای میل فرضی تھا۔ پولیس نے اہل خانہ سے نہ گھبرانے کی اپیل کی تھی۔

خیال رہے کہ اس طرح کی دھمکی آمیز ای میل اکثر دہلی کے اسکولوں کو بھیجا جاتا رہا ہے۔ فروری کے مہینے میں، اسی طرح کا ای میل دہلی کے آر کے پورم میں واقع ڈی پی ایس اسکول کے پرنسپل کو بھیجا گیا تھا۔ اسی طرح کا ای میل فروری میں ساکیت کے ایمٹی اسکول کو بھی بھیجا گیا تھا۔ اس ای میل میں اسکول سے رقم بھی مانگی گئی تھی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.