سابق صدر و پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ایران کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی پر ردعمل میں کہا ہے کہ کوئی بھی ملک پاکستان کی طرف دیکھے گا تو اسی طرح کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق اپنے بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن پاکستان پر حملہ کرنے والے اب پہلے سو دفعہ سوچیں گے اور کوئی بھی ملک پاکستان کی طرف دیکھے گا تو اسی طرح کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور ہماری افواج بہت اچھے طریقے سے ملک کا دفاع کرنا جانتی ہیں۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو جھٹکا! جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتار
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ دنیا میں امن کی بات کی ہے اور ہمیشہ دنیا میں امن قائم رکھنے کے لیے کام کیا ہے، جبکہ ہم اپنے ہمسایہ ممالک سے بہترین تعلقات چاہتے ہیں لیکن صرف برابری کی بنیاد پر۔واضح رہے کہ کل پاکستان نے ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں بھر پور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس میں متعدد دہشت گرد مارے گئے۔
اس سے 2 روز قبل ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی بلااشتعال خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں حملے کی شدید مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ خودمختاری کی خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔
اب پاکستان کا ایران پر حملہ! فضائی حملے کے جواب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کا دعویٰ