National

اُف یہ گرمی! دہلی میں درجۂ حرارت 14 سال کا ریکارڈ توڑ 47 ڈگری کے پار، پنجاب میں 11 سال کا ٹوٹا ریکارڈ

148views

ہندوستان کی کئی ریاستوں میں سورج کی تمازت نے عوام کو بے حال کر دیا۔ شدید گرمی سے معمولات زندگی درہم برہم دکھائی دے رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کئی ریاستوں میں 21 مئی تک لو (گرم ہوا) چلنے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز ہی اپنے ایک بیان میں واضح کر دیا تھا کہ شمالی ہند ان دنوں شدید لو کی زد میں ہے اور راجستھان، پنجاب، ہریانہ اور دہلی جیسی ریاستوں میں 17 مئی سے لے کر 21 مئی تک زبردست لو چلنے کا اندیشہ ہے۔

دراصل شمال مغربی ہند کی ریاستوں میں اس وقت شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ بیشتر علاقوں میں آسمان سے جھلسا دینے والی آگ برس رہی ہے۔ جمعہ کے روز تو راجدھانی دہلی کے نجف گڑھ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47.4 ڈگری سلسیس درج کیا گیا، جو ملک میں سب سے زیادہ رہا۔ یہی نہیں، 14 سال بعد دہلی میں 17 مئی یعنی جمعہ کو ریکارڈ توڑنے والی یہ گرمی پڑی ہے۔ ہریانہ کے سرسا میں بھی درجہ حرارت 47.1 ڈگری سلسیس پہنچ گیا ہے۔ ابھی کم از کم پانچ دن شدید گرمی سے راحت نہیں ملنے والی ہے۔

پنجاب میں بھی جمعہ کے روز گرمی نے ریکارڈ توڑ دیا۔ جمعہ کے روز پنجاب میں سمرالا سب سے گرم علاقہ رہا جہاں کا درجہ حرارت 46.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اس سیزن کا اور 11 سال بعد سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ اس سے قبل مئی 2013 میں سمرالا کا درجہ حرارت 46 ڈگری کے پار گیا تھا۔ پنجاب کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 1.4 ڈگری کے اضافہ کے ساتھ معمول سے 4.9 ڈگری اوپر پہنچ گیا ہے۔

اس درمیان محکمہ موسمیات نے مغربی راجستھان میں لو کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب، ہریانہ، دہلی، مشرقی راجستھان کے لیے لو کا آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، بنگال میں گنگا کے ساحلی علاقوں اور اڈیشہ کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز محکمہ موسمیات کے ذریعہ دی گئی جانکاری پر نظر ڈالی جائے تو اتر پردیش، گجرات کے کئی علاقوں میں 17 سے 21 مئی تک، بہار میں 17 سے 20 مئی تک اور اڈیشہ میں 20-21 مئی کو ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جب میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سلسیس کے اوپر پہنچ جاتا ہے اور پہاڑی علاقوں میں 30 ڈگری سلسیس کے اوپر پہنچ جاتا ہے تو اس حالت کو ہیٹ ویو (لو) تصور کیا جاتا ہے۔ ایسی حالت میں محکمہ موسمیات کے ذریعہ الرٹ جاری کیا جاتا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.