
وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی اسپین میں بڑی کامیابی
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 24 اپریل:۔ (ایجنسی) وزیراعلیٰ جھارکھنڈ ہیمنت سورین ان دنوں سرکاری دورے پر اسپین کے شہر بارسلونا میں موجود ہیں جہاں انہوں نے فیرا دے بارسلونا (Fira de Barcelona) کے دو جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ادارے کے اعلیٰ حکام نے وزیراعلیٰ اور ان کے ہمراہ موجود وفد کو منصوبوں کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔فیرا دے بارسلونا کے حکام نے جھارکھنڈ حکومت کے وفد کو ایک “لیٹر آف انٹینٹ” (Letter of Intent) بھی پیش کیا، جس میں رانچی میں ایک عالمی معیار کے میگا کنونشن اور تجارتی نمائش مرکز (Mega Convention and Trade Exhibition Centre) کے قیام میں دلچسپی ظاہر کی گئی ہے۔
عالمی سطح کے ایونٹس کی میزبانی کا خواب
حکام کے مطابق، مجوزہ مرکز میں بین الاقوامی تجارتی میلوں، عالمی کانفرنسوں، اور جدید آڈیو و ویژول (AV) سسٹمز سے لیس ایونٹس کی میزبانی کی گنجائش ہوگی۔ اس منصوبے کا مقصد جھارکھنڈ، بالخصوص رانچی کو بین الاقوامی نمائش اور کانفرنسوں کے نقشے پر ایک نمایاں مقام دینا ہے۔
وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے اس اقدام کو جھارکھنڈ کے لیے “بین الاقوامی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، اور معاشی ترقی کی راہیں کھولنے والا” قرار دیا۔
ٹویٹر پر پیغام
وزیراعلیٰ نے اپنے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا: “Fira de Barcelona کے جاری منصوبوں کا مشاہدہ ایک اہم تجربہ رہا۔ مجوزہ کنونشن سینٹر نہ صرف ریاست جھارکھنڈ کو عالمی پلیٹ فارم پر لانے میں مددگار ہوگا بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروباری مواقع بھی پیدا کرے گا‘‘۔
یہ پیشرفت جھارکھنڈ کی عالمی تجارتی برادری میں شناخت بنانے اور ریاست کو ایک عالمی سرمایہ کاری اور کاروباری مرکز بنانے کی جانب اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اس تجویز کو کیسے عملی جامہ پہناتی ہے۔
اس دورے پت وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے ساتھ ان کی اہلیہ اور ایم ایل اے کلپنا مرمو سورین، جھارکھنڈ حکومت کی چیف سکریٹری الکا تیواری، سی ایم کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اویناش کمار اور دیگر افسران بھی تھے۔
