International

امریکی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا

77views

وقت اور نوعیت کا تعین افواج کریں گی: ایران

تہران، 23 جون (یو این آئی): اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے امریکی حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جواب کے لیے وقت اور نوعیت کا فیصلہ ایرانی افواج کریں گی۔سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ ایران پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اپنے ملک کے خلاف جارحیت کی مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایران کو اپنی خود مختاری کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور ان حملوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا جب کہ ایران پر حملوں کے جواب کا فیصلہ، نوعیت اور وقت کا تعین اس کی افواج کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ایران سے متعلق امریکہ کے تمام الزامات جھوٹے ، غلط اور سیاسی محرکات سے بھرپور ہیں، ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں جب کہ قاسم سلیمانی ایرانی عوام کے ہیرو رہیں گے۔ایرانی مندوب نے کہا کہ جنگی مجرم نیتن یاہو امریکہ کو جنگ میں دھکیلنے میں کامیاب ہوگیا، امریکہ نے نیتن یاہو کی خاطر سفارتی کوششوں کو متاثر کیا۔مزید کہا کہ امریکی اقدامات سے عالمی امن خطرے میں پڑچکا ہے اور ایران پر حملوں کے ذریعے نیتن یاہو کو بچانے کی کوشش گئی۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو متعدد بار متنبہ کیا تھا کہ ایران کے خلاف جارحیت کے خطرناک نتائج ہوں گے لیکن امریکا نے خود اپنی سیکیورٹی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ایرانی مندوب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل اس جارحیت پر موثر اور غیر جانبدارانہ کارروائی کرے ورنہ اس کے نتائج پوری دنیا بھگتے گی جب کہ امریکہ کا سیاسی تاریخ پر ایک بار پھر سیاہ دھبہ لگ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی قوانین کے مطابق ایران کو دفاع کا حق حاصل ہے، ایران اپنے تحفظ اور سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدہ کو ایک سیاسی ہتھیار میں تبدیل کر دیا گیا اور این پی ٹی ٹریٹی کو سیاست زدہ کردیا گیا۔اس سے قبل، پاکستانی مندوب عاصم افتخار احمد نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور ایران کے حق دفاع کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔چینی مندوب نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور مذاکرات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو صورتحال میں انصاف کرنا چاہیے۔اجلاس میں چین، روس اور پاکستان نے ایک قرارداد کا مسودہ پیش کیا ہے جس میں درج ذیل نکات شامل ہیں:
فوری اور غیر مشروط جنگ بندی
شہریوں کا تحفظ
بین الاقوامی قانون کا احترام
مذاکرات میں شمولیت
سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ دو روز قبل، اسی ایوان میں، میں نے براہِ راست اپیل کی تھی کہ امن کو ایک موقع دیا جائے۔ لیکن اس اپیل پر کان نہیں دھرے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ میں مشرقِ وسطیٰ میں کسی بھی فوجی کشیدگی کی بارہا مذمت کر چکا ہوں، اس خطے کے عوام مزید تباہی کا ایک اور دور نہیں سہہ سکتے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.