
جہان آباد، 4 نومبر:۔ بہار کے جہان آباد ریلوے اسٹیشن کے قریب کنودی گاؤں میں ریلوے پھاٹک کے قریب ایک مال گاڑی سے ٹرک کی ٹکر ہوگئی۔جس کی وجہ سے ٹرک مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق ریلوے پھا ٹک پر تعینات ملازم کی لاپر وائی کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ ریلوے پھاٹک کھلا رہنے کے دو ران ہی مال گاڑی ریلوے ٹریک پر آگئی اور ادھر سے ٹرک پار کر رہا تھا۔ جس کی وجہ سے ٹکر ہوگئی۔ حالانکہ اس واقعہ کے بعد ٹرک ڈ رائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیاہے۔ ریلوے اسٹیشن پولیس یہ جاننے میں مصروف ہے کہ ٹرک کہاں کا ہے اور اسے ریلوے ٹریک سے ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حالانکہ ریلوے حکام یا ریلوے اسٹیشن پولیس تاحال اس معاملے میں کچھ بتانے سے گریز کررہے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق واقعہ ریلوے پھاٹک پر تعینات ملازم کی غفلت کے باعث پیش آیا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر ریلوے پھاٹک لگا ہوتا تو ایسا واقعہ پیش نہ آتا، ہم لوگ اچانک زور دار ٹکر کی آواز سن کر گھر سے باہر نکلے تو دیکھا کہ ٹرک مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے۔ اس وقت پٹنہ گیا ریلوے ٹریک پر آمدورفت میں خلل پڑا ہے اور ریلوے اسٹیشن کی پولیس ٹرک کو ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔
