58
ایئر کوالٹی انڈیکس بھی 370تک پہنچا، پرالی جلانے کے117کیس آئے
کیتھل، 19 اکتوبر (ہ س) ۔ کیتھل ضلع آلودگی کے معاملے میں ملک میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ اس کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے سپریم کورٹ نے کیتھل کے ڈی سی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 اکتوبر کو جواب دینے کو کہا ہے۔ جہاں پر کیتھل ضلع ہریانہ میں پرالی جلانے کے معاملے میں ریاست میں پہلے نمبر پر ہے، وہیں یہاں کی ہوا بھی ملک میں سب سے خراب بتائی جاتی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع میں اب تک پرالی جلانے کے 117 واقعات سامنے آچکے ہیں، جس کی وجہ سے شہر کی فضا بھی کافی خراب ہوگئی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس بھی 370 تک پہنچ گیا ہے۔ جس کی وجہ سے سانس لینے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی آنکھوں میں جلن بھی ہو رہی ہے، ضلع میں پرالی جلانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اب تک 117 واقعات رپورٹ ہونے کے بعد بھی محکمہ نے ایف آئی آر درج نہیں کی۔ اہلکار صرف جرمانے کرنے تک محدود ہیں۔ انتظامی افسران اور پولیس کے خوف سے لوگ دن کی بجائے رات کو آگ لگا رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے احکامات میں کہا کہ آخر کیتھل اور کروکشیترضلع میں پرالی جلانے کی وارداتیں کیوں نہیں روکی جا رہی ہیں؟ اس تناظر میں اب دونوں ڈی سی23 اکتوبر کو عدالت میں اپنا جواب پیش کریں گے۔ تاہم، اس سلسلے میں ابھی تک ضلعی انتظامیہ تک احکامات نہیں پہنچے ہیں، جب کہ ہریانہ کے چیف سکریٹری نے دو دن قبل آگ لگنے کے واقعات کے حوالے سے ڈی سی سے رپورٹ طلب کی تھی۔