54
جھارکھنڈ میں 83,700کروڑ کے مختلف پروجیکٹ کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا
ہزاری باغ، 02 اکتوبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جھارکھنڈ کے ہزاری باغ میں 83,700 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ مسٹر مودی نے دھرتی آبا قبائلی گرام اتکرش ابھیان کا آغاز کیا، 40 ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں (ای ایم آر ایس) کا افتتاح کیا اور 25 ای ایم آر ایس کا سنگ بنیاد رکھا۔ مسٹر مودی نے پردھان منتری قبائلی انصاف مہا ابھیان (پی ایم-جن من ) کے تحت کئی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے جھارکھنڈ کے ترقی کے سفر کا حصہ بننے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے چند روز قبل جمشید پور میں سینکڑوں کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے لیے اپنی آمد کو یاد کیا۔ مسٹر مودی نے پی ایم آواس یوجنا کے تحت جھارکھنڈ کے ہزاروں غریب لوگوں کو مستقل مکانات حوالے کرنے کا ذکر کیا۔ قبائلی برادریوں کو بااختیار بنانے اور بہبود سے متعلق 83,700 کروڑ روپے سے زیادہ کے آج کے پروجیکٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ قبائلی برادریوں کے تئیں حکومت کی ترجیح کا ثبوت ہے۔ وزیر اعظم مودی نے آج کے پروجیکٹوں کے لیے جھارکھنڈ اور ہندوستان کے لوگوں کو مبارکباد دی۔ مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ قبائلی بہبود کے تئیں ان کا نقطہ نظر اور خیالات ہندوستان کا سرمایہ ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مہاتما گاندھی کا ماننا تھا کہ ہندوستان اسی وقت ترقی کر سکتا ہے جب قبائلی معاشرہ تیز رفتاری سے ترقی کرے۔ مسٹر مودی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت قبائلی ترقی پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے رہی ہے اور آج دھرتی آبا جن جاتی گرام اتکرش ابھیان شروع کیا گیا۔ اس مہم کے تحت تقریباً 550 اضلاع میں تقریباً 83,700 کروڑ روپے کی لاگت سے 63,000 قبائلی اکثریتی گاووں کی ترقی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان قبائلی اکثریتی گاووں میں سماجی و اقتصادی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کام کیا جائے گا اور اس کے ثمرات ملک کے 5 کروڑ سے زیادہ قبائلی بھائیوں اور بہنوں تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا، "جھارکھنڈ کے قبائلی سماج کو بھی اس سے بہت فائدہ ہوگا۔" خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دھرتی آبا جن جاتیہ گرام اتکرش ابھیان کا آغاز بھگوان برسا منڈا کی سرزمین سے کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے یہ بھی یاد دلایا کہ بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش پر جھارکھنڈ سے پی ایم-جن من یوجنا شروع کی گئی تھی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہندوستان 15 نومبر 2024 کو قبائلی فخر کے دن پر پی ایم-جن من یوجنا کی پہلی سالگرہ منائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم جن من یوجنا کے ذریعے ترقی کے فوائد ملک کے ان قبائلی علاقوں تک پہنچ رہے ہیں جو پیچھے رہ گئے تھے۔ مسٹر مودی نے روشنی ڈالی کہ پی ایم-جن من یوجنا کے تحت آج تقریباً 1350 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس اسکیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سب سے پسماندہ قبائلی علاقوں میں بہتر زندگی کے لیے تعلیم، صحت اور سڑکیں جیسی سہولیات کی تعمیر کی جائے گی، جھارکھنڈ میں پی ایم-جن من یوجنا کی اپنے پہلے سال میں بہت سی کامیابیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے، مسٹر مودی نے کہا کہ 950 سے زیادہ انتہائی پسماندہ گاووں میں ہر گھر تک پانی کی فراہمی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 35 وندھن وکاس کیندروں کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے دور دراز قبائلی علاقوں کو موبائل کنیکٹیویٹی سے جوڑنے کے لیے کیے جانے والے کام پر بھی روشنی ڈالی، جس سے قبائلی معاشرے کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔