
نئی دہلی، 17 جنوری (ہ س) صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعہ کو ڈبل اولمپک میڈلسٹ شوٹر منو بھاکر، عالمی شطرنج چیمپئن ڈی گوکیش، مردوں کے ہاکی کپتان ہرمن پریت سنگھ اور پیرا اولمپک گولڈ جیتنے والے ہائی جمپر پروین کمار کو ملک کے اعلیٰ ترین کھیل کے اعزاز میجر دھیان چند کھیل رتن سے نوازا۔ صدر جمہوریہ نے آج راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں اسپورٹس اور ایڈونچر ایوارڈ 2024 پیش کیا۔ ایوارڈز میں 4 کھلاڑیوں کو میجر دھیان چند کھیل رتنا ایوارڈ- 2024، 5 کھلاڑیوں کو دروناچاریہ ایوارڈ- 2024، 34 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ- 2024، 4 کھلاڑیوں کو تینزنگ نورگے نیشنل ایڈونچر ایوارڈ- 2023، ایک نیشنل اسپورٹس پروموشن ایوارڈ 2024 اور ایک مولانا ابوالکلام آزاد ٹرافی 2024 کھلاڑیوں کو دیا گیا ہے۔ صدر جمہوریہ نے فزیکل ایجوکیشن فاؤنڈیشن آف انڈیا کو نیشنل اسپورٹس پروموشن ایوارڈ-2024 اور چندی گڑھ یونیورسٹی کو مولانا ابوالکلام آزاد ٹرافی-2024 پیش کیا۔صدرجمہوریہ نے سبھاش رانا کو پیرا شوٹنگ میں شاندار کامیابیوں کیلئے ، دیپالی دیش پانڈے کو شوٹنگ میں شاندار کامیابیوں کے لیے، سندیپ سنگوان کو ہاکی میں ان کی شاندار کامیابیوں کیلئے دروناچاریہ ایوارڈ، 2024 پیش کیا۔ بیڈمنٹن میں شاندار کامیابیوں کے لیے ایس مرلی دھرن اور فٹ بال میں شاندار کامیابیوں کے لیے دروناچاریہ ایوارڈ (لائف ٹائم) 2024 بھی پیش کیا۔ صدر جمہوریہ نے انو رانی کو اتھلیٹکس میں ان کی شاندار کامیابیوں کےلئے ارجن ایوارڈ 2024 پیش کیا۔ اس کے علاوہ باکسر نیتو اور سویٹی، شطرنج کی کھلاڑی وینتیکا اگروال، ہاکی کھلاڑی سلیمہ ٹیٹے اور ابھیشیک، سنجے، جرمن پریت سنگھ، سکھجیت سنگھ، پیرا آرچر راکیش کمار، پیرا ایتھلیٹکس پریتی پال اور جیون جی دیپتی سمیت 34 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ 2024 سے نوازا گیا۔
