National

خواجہ معین الدین چشتی کی ماہانہ چھٹھی روایتی انداز میں منائی گئی

33views

اجمیر، 9 نومبر (یواین آئی) راجستھان کے اجمیر میں صوفی بزرگ خواجہ معین الدین حسن چشتی کی ماہانہ چھٹھی آج درگاہ شریف میں روایتی انداز میں رسومات کے ساتھ منائی گئی جس میں ملک کی مختلف ریاستوں سے ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔اجمیر درگاہ میں واقع احاطہ نور میں چھٹھی کی فاتحہ کا پروگرام بڑی شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوا۔ جس میں تلاوت قرآن پاک کے بعد خواجہ صاحب کی شان میں منقبت پیش کی گئی۔درگاہ پر واقع انجمن سے وابستہ خادموں نے تمام رسومات کومکمل کیا اور خواجہ معین الدین حسن چشتی کی تعلیمات اور سیرت بیان کرنے کے بعد ہر عام و خاص کو ان کو اپنی زندگی میں نافذ کرنے کا پیغام دیا۔ اس کے بعد سب نے ملک میں امن، خوشحالی، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ اتحاد کے لیے دعا کی۔انجمن کی طرف سے سب کو تبرک بھی تقسیم کیا گیا۔ خواجہ صاحب کی ماہانہ چھٹھی میں زائرین کی موجودگی کی وجہ سے درگاہ احاطے اور درگاہ بازار میں میلے جیسا ماحول رہا۔ چھٹھی میں شرکت کے بعد زائرین تیزی سے واپس لوٹنے لگے۔اب خواجہ صاحب کی ماہانہ چھٹھی 813ویں سالانہ عرس پر ہوگی۔ عرس کا جھنڈا 26 دسمبر کو چڑھے گا اور سالانہ عرس 31 دسمبر سے رجب کا چاند نظر آنے پر شروع ہوگا۔ چاند نظر نہ آنے کی صورت میں عرس یکم جنوری 2025 سے شروع ہوگا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.