پونے کار حادثہ: جس لگژری کار نے دو لوگوں کی جان لی وہ کار دادا نے پوتے کو سالگرہ پر تحفے میں دی تھی
پونے میں پورش کار حادثے میں مسلسل نئے انکشافات سامنے آر ہے ہیں۔ اس ضمن میں اب یہ خبر آئی ہے کہ نابالغ ملزم نے جس لگژری کار سے دو لوگوں کی جان لی تھی، وہ اس کے دادا سریندر اگروال نے برتھ ڈے کے موقع پر تحفے میں دی تھی۔ سریندر اگروال کے دوست امن وادھوا نے انڈیا ٹوڈے کو بتایا کہ سریندر نے دو ماہ قبل ایک واٹس ایپ گروپ پر لگژری کار کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ان کے پوتے کی سالگرہ کا تحفہ ہے۔
نیوزپورٹل ’آج تک‘ کے مطابق پورش کار حادثے کی وجہ سے سریندر اگروال کو ان کے ڈرائیور گنگارام کو دھمکیاں دینے اور یہ جھوٹا دعویٰ کرنے پر مجبور کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا کہ وہ حادثے کے وقت کار چلا رہ تھا۔ مبینہ طور پر سریندر اگروال نے گنگارام کو 2 دن تک اپنی رہائش گاہ پر رکھا۔ پونے کے پولس کمشنر امیتیش کمار نے کہا کہ نابالغ ملزم نے جب اپنی لگژری کار سے دو نوجوان انجینئر اشونی کوشٹا اور انیش اودھیا کی موٹر سائیکل کو ٹکر مارا تو وہ مکمل طور پر ہوش میں تھا۔ اس ٹکر کے نتیجے میں اشونی کوشٹا اور انیش اودھیا کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی۔ امیتیش کمار نے یہ بھی بتا یا کہ حادثے میں نابالغ کے بجائے گنگارام کو پھنسانے کے لیے کہانی میں ہیرا پھیری کی کوشش کی گئی تھی۔
پونے پولیس کمشنر کے مطابق جانچ میں کئی چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس رپورٹ کے مطابق گنگارام کا موبائل فون غائب ہے اور سریندر اگروال کی رہائش گاہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ سریندر اگروال کو 28 مئی تک پولیس حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ ریمانڈ کی سماعت کے دوران امان وادھوا نے اہل خانہ کی درخواست پر سریندر اگروال کو نئے کپڑے دیئے۔ امن وادھوا نے بتایا کہ وہ سریندر اگروال کو گزشتہ 8 ماہ سے کمیونٹی گروپس کے ذریعے جانتے تھے۔
امن وادھوا نے بتایا کہ جب سریندر اگروال حراست میں تھے تو نیپون نامی شخص نے انہیں کپڑے سونپنے کے لیے لیے بلایا تھا۔ اس کے علاوہ وہ اس وقت جب سریندر اگروال کا بیٹا وشال گرفتاری سے بچ رہا تھا اور سریندر اگروال کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا تھا، تو وہ سریندر اگروال کے ساتھ پونے کرائم برانچ گئے تھے۔