International

لاس اینجلس آتشزدگی: غزہ کی تباہی پر خوش ہونے والے ہولی وڈ اداکار کا گھر بھی جل کر راکھ

111views

ایسا لگتا ہے علاقے پر ’ایٹم بم‘ گرادیا گیا ہو

لاس اینجلس میں آگ پھیلنے پر امریکی حکام پریشان

لاس اینجلس، 10 جنوری (یو این آئی) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں جنگل کی آگ کئی ہزار ایکڑ تک پھیلنے کے بعد حکام پریشان ہیں، ان کا کہنا ہے کہ آگ کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے کسی نے اس علاقے پر ایٹم بم گرا دیا ہو۔امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق شہر کے 10 ہزار سے زائد مکانات خاکستر ہو چکے ہیں، بڑے علاقے میں بلند شعلے اب بھی اٹھ رہے ہیں، جن میں سے زیادہ تر پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔امریکی حکام نے کم از کم 7 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، لیکن خبردار کیا ہے کہ جب تک تفتیش کاروں کے لیے رسائی محفوظ نہیں ہو جاتی تب تک اصل تعداد کے بارے میں کچھ بھی کہنا مشکل ہے، منگل سے اب تک ہزاروں افراد انخلا کے احکامات سے متاثر ہوئے ہیں۔ لاس اینجلس کے شیرف رابرٹ لونا کا کہنا ہے کہ آگ سے متاثرہ علاقے دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ ان علاقوں میں ’ایٹم بم گرایا گیا ہے‘۔ رابرٹ لونا نے جمعرات کو نیوز کانفرنس میں کہا کہ اگرچہ میں آپ کو یہ بتا رہا ہوں کہ 5 افراد ہلاک ہوچکے، لیکن یہ میرے ہونٹوں سے نکل رہا ہے، میں اس نمبر کے بارے میں پریشان ہوں۔ شیرف نے کہا کہ وہ دعا کر رہے ہیں کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ نہ ہو، لیکن جو تباہی واضح ہے اس کی بنیاد پر ’اچھی خبر‘ کی توقع نہیں ہے۔آگ بجھانے والے ورکرز نے جمعرات کو پیش رفت کی کیونکہ سانتا انا کی ہوائیں کمزور ہو گئی تھیں، لیکن دن گزرنے کے ساتھ ساتھ پورے علاقے میں تیز ہواؤں نے زور پکڑ لیا۔حکام نے ایل اے اور وینٹورا کاؤنٹیز کی سرحد کے قریب ایک نئی آگ لگنے پر بڑا ردعمل ظاہر کیا، جس کے بعد لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا، مقامی رہائشی آلودہ ہوا اور دیگر خطرناک حالات کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔موسم اور اس کے اثرات کے بارے میں ڈیٹا فراہم کرنے والی نجی کمپنی ’ایکو ویدر‘ نے گزشتہ روز آگ سے مالی نقصان کے تخمینے کو 150 ارب ڈالر تک بڑھا دیا ہے۔
امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگی بےقابو آگ کئی ہزار ایکڑ رقبے تک پھیل چکی ہے جس کے باعث ہولی وڈ کے نامور اداکاروں کے گھر بھی آگ کی زد میں آئے ہیں جن میں غزہ جنگ کی حمایت کرنے والے اداکار جیمز وڈز بھی شامل ہیں۔جیمز وڈز گزشتہ روز ’سی این این‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ ’یہ اپنے کسی قریبی کو کھو دینے جیسا ہے، ایک دن آپ اپنے گھر کے سوئمنگ پول میں تیر رہے ہوتے ہیں لیکن اگلے دن سب کچھ ختم ہوجاتا ہے‘۔انہوں نے بتایا کہ کس طرح ان کی بیوی اور آٹھ سالہ بھانجی نے انہیں اپنے گھر کی تعمیر نو میں مدد کیلئے اپنے گلک پیش کیے، ساتھ ہی بتایا کہ ان کے اردگرد بہت زیادہ افراتفری تھی اور سب کچھ آگ کی لپیٹ میں تھا۔واضح رہے کہ دو بار آسکر نامزدگی اور تین بار ایمی ایوارڈ جیتنے والے امریکی اداکار جیمز وڈز غزہ مخالف اپنی پوسٹس کی وجہ سے جانے جاتے تھے، انہوں نے اپنی پوسٹس میں جنگ بندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’سمجھوتہ ہونا چاہیے نہ ہی معافی دینی چاہیے‘، جبکہ اس پوسٹ کے ساتھ انہوں نے ’سب کو مار دو‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا تھا۔نفرت انگیز پوسٹس اور صہیونی قوت کی مسلسل حمایت کرنے والے 77 سالہ اداکار کا گھر راکھ کا ڈھیر بننے کے بعد ’سی این این‘ پر ان کے انٹرویو پر سوشل میڈیا صارفین نے اداکار کو آڑے ہاتھوں لیا اور مؤقف اپنایا کہ انہیں اداکار سے کوئی ہمدردی نہیں۔ صارفین نے انہیں یاد کروایا کہ وہ کیسے مظلوم فلسطینیوں کے گھر تباہ ہونے پر خوش ہوتے تھے، ایک فلسطینی شاعر اور سوشل میڈیا صارف نے سوال کیا کہ ’اب آپ بتائیں گے اپنے گھر کو تباہ ہوتے دیکھنا کیسا لگتا ہے؟ ‘اس پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے جیمز وڈز نے کہا کہ ’آپ کو یہ 7 اکتوبر کے حملے، خواتین اور بچوں کا ریپ اور قتل عام نہیں کرنا چاہیے تھا، جو آپ بوتے ہیں وہی کاٹتے ہیں‘، اور صارف کو بلاک کردیا۔ایک اور ایکس صارف نے لکھا کہ ’جیمز وڈز نے فلسطینیوں کے قتل کا مطالبہ کیا جہاں بچوں کو بھی زندہ جلایا جا رہا ہے، اب ان کا وہ گھر جل گیا ہے جس کی انہوں نے انشورنس بھی نہیں کروائی تھی، یہ خدا کا انصاف ہے جو کسی کو نہیں بخشتا، اس زندگی میں اور نہ ہی اگلی زندگی میں‘۔ایک اور ایکس صارف نے جیمز وڈز کے پرانے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا اور سوال کیا کہ ’مکافات عمل کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟‘لاس اینجلس میں لگی خوفناک آگ میں جہاں ہولی ووڈ پہاڑیوں کو شعلوں کی لپیٹ میں لیا وہیں قریب میں واقع متعدد ہولی ستاروں کے گھر راکھ کا ڈھیر بن چکے ہیں جن میں مشہور زمانہ اداکار بین افلیک اور پیرس ہلٹن بھی شامل ہیں، پیرس ہلٹن کے بارے میں بین الاقوامی خبر رساں ادارے نے رپورٹ کیا کہ انہوں نے اپنا گھر ٹی وی پر جلتے دیکھا۔دہگر اداکاروں میں انتھونی ہوپکنس، ایڈم بروڈی، بلی کرسٹل، پریٹ مونٹاگ، جان گڈمین، مائلز ٹیلر اور اینا فارس کے قیمتی ملین ڈالرز مالیت کے گھر بھی آگ کی نذر ہوچکے ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.