
ہیتھرو ایئر پورٹ مکمل طور پر کھل گیا، پروازوں کو تاخیر کا سامنا
لندن، 22 مارچ (یو این آئی) میٹ پولیس نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ لندن میں ہیتھرو ایئرپورٹ پر سب اسٹیشن میں آتشزدگی کا واقعہ دہشت گردی نہیں ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق میٹ پولیس نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ آگ لگنے کی ممکنہ وجہ بجلی کے آلات ہیں، اس حوالے سے مزید تحقیقات کررہے ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق، ہیتھرو ایئرپورٹ جزوی طور پر بحال کردیا گیا ہے، ابتدائی پروازیں یورپ میں پھنسے مسافروں کی واپسی کیلئے روانہ کی جاری ہیں۔ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق آج مکمل طور پر فضائی آپریشن بحال کردیا جائے گا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کی بندش کی تحقیقات میٹروپولیٹن پولیس کے کاؤنٹر ٹیرر ازم افسران کر رہے ہیں، تاحال کسی مجرمانہ سرگرمی کا ثبوت نہیں ملا، تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ برطانیہ کے مصروف ترین ہیتھرو ایئرپورٹ کو گزشتہ روز 24 گھنٹے کے لیے بند کر دیا گیا تھا مسافروں سے ایئرپورٹ نہ آنے کی درخواست کی گئی تھی۔جمعہ کی صبح ایک سب اسٹیشن میں آتشزدگی کے باعث ہیتھرو ایئرپورٹ کو 24 گھنٹے کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا۔لندن کے مغرب میں واقع ایئرپورٹ کو بجلی فراہم کرنے والے اسٹیشن میں لگی جس کی وجہ سے ایئرپورٹ کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔اس حوالے سے ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں ہوائی اڈے کی 24 گھنٹے بندش کی اطلاع دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ مسافروں اور ساتھیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہیتھرو ایئرپورٹ 21 مارچ کو بند رہے گا۔ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں اس حوالے سے مسافروں سے معذرت طلب کرتے ہوئے انہیں ایئرپورٹ نہ آنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔
بجلی کی بندش سے گزشتہ روز بند ہونے والے برطانوی دارالحکومت لندن کے مصروف ترین ہیتھرو ایئر پورٹ کو باضابطہ مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے، جس کے بعد پروازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ بحال ہو گیا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق برطانوی ایئر پورٹ کو بجلی فراہم کرنے والے سب اسٹیشن میں آگ لگنے سے گزشتہ روز تقریباً 1400 پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔رپورٹس کے مطابق ایئر پورٹ کی بندش کے تقریباً 24 گھنٹے کے بعد ہفتے کی صبح 6 بجے لزبن کے لیے پرواز روانہ ہوئی۔ایئر پورٹ کے مکمل آپریشنل ہونے کے باوجود آج پروازیں تاخیر سے روانہ ہونے کی توقع ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیتھرو ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مختلف ٹرمینلز پر اضافی اسٹاف موجود ہے کیونکہ اضافی 10 ہزار مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے آج کے شیڈول میں 50 سلاٹس کا اضافہ کیا گیا ہے۔ایئر پورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ ایئر پورٹ آنے سے قبل پرواز کا وقت چیک کر لیں۔رپورٹس کے مطابق ایئر پورٹ کے مکمل آپریشنل ہونے کے باوجود آج صبح ہیتھرو ایئر پورٹ آنے والی پہلی 20 پروازوں میں سے 9 کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ایئر لائنز کے مطابق دنیا کے مختلف ایئر پورٹس پر پھنسے مسافروں کو واپس لانا ترجیح ہے۔اس سے قبل ہیتھرو ایئر پورٹ کے چیف ایگزیکٹیو نے پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کے سبب مسافروں سے معافی مانگی مگر واقعے کی ذمے داری لینے سے انکار کر دیا۔ان کا کہنا ہے کہ سب اسٹیشن میں آگ لگنے کے سبب بجلی بند ہوئی اور ایئر پورٹ کا بیک اپ ٹرانسفارمر بھی بوجھ برداشت کرنے میں ناکام رہا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ روز ایئر پورٹ بند رہا۔
