مرشدآباد تشددکے واقعات میں ہلاک ہونے والو ں کے اہل خانہ کو دس لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا:ممتا بنرجی

167views
کلکتہ 16اپریل (یواین آئی) : وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج کلکتہ میں ائمہ و موذنین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرشدآباد فسادات میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ فسادات کی وجہ سے جن کے گھروں اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے ، انہیں بھی معاوضہ دیا جائے گا۔ ترمیم شدہ وقف قانون کے خلاف احتجاج کے دوران مرشدآباد کے کچھ حصوں میں کئی دنوں تک بدامنی رہی۔ پولیس، انتظامیہ اور مرکزی فورسز کی سرگرمیوں کی وجہ سے اب حالات کافی حد تک معمول پر آ گئے ہیں۔ترمیم شدہ وقف قانون کے خلاف بنگال سمیت ملک بھر میںاحتجاج ہورہے ہیں ۔مرشدآباد اور مالدہ اضلاع کے کچھ علاقوں میں احتجاج کے دوران تشدد کے واقعات رونما ہوگئے ۔اس درمیان تین افراد کی موت ہوگئی۔سوتی، جنگ پور، شمسیر گنج اور فراکھامیں حالات کشیدہ ہوگئے۔فسادات کی وجہ سے کئی افراد بے گھر ہوگئے۔ پولیس اور ریاستی انتظامیہ نے انہیں واپس گھرلانے کی تیاری شروع کردی ہے۔نیتاجی انڈور اسٹیڈیم میں منعقد ائمہ اور مؤذنین کے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ تشدد کے واقعات میں دو خاندانوں کے تین افراد کی موت ہوئی۔ مرنے والوں کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے فی خاندان معاوضہ دیا جائے گا۔‘‘فسادات کے واقعات میں کئی لوگوں کے گھر تباہ ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ان کے لیے بھی انتظامات کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق، ’’بنگلہ کے گھر پروجیکٹ کے تحت نقصان پہنچنے والوں کے لیے سرکار گھر بنائے گی۔‘‘ جن کی دوکانیں تباہ ہوئی ہیں انہیں بھی حکومت تعمیر کرائے گی اور مدد کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ چیف سیکریٹری منوج پنتھ اس بات کی جانچ کریں گے کہ کس دکان دار کو کتنا نقصان ہوا۔ اس بنیاد پر معاوضہ دیا جائے گا۔
