National

مدرسہ بورڈ کی قانونی حیثیت پر سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی،یہ انصاف کی فتح: محمود مدنی

73views

نئی دہلی، 5 نومبر (یو این آئی) صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے یوپی مدرسہ بورڈ کی قانونی حیثیت کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مدرسہ کمیونٹی کے لیے انصاف کی فتح قراردیا ہے ۔اس امر کا اظہار انہوں نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کیا۔مولانا مدنی نے اس فیصلے کو خوش آئندبتاتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ہندستانی مسلمانوں اور خاص طور پر مدرسوں سے وابستہ افراد کے لیے تسلی بخش اور حوصلہ افزائی کا باعث بھی ہے۔ ہم اسے صرف مدرسہ بورڈ کے تناظر میں نہیں دیکھ رہے ہیں، بلکہ اس میں مدرسوں کے خلاف منفی مہم چلانے والے سرکاری اور غیر سرکاری عناصر کے لیے ایک واضح پیغام بھی پوشیدہ ہے جو ملک کے آئین کی پروا کئے بغیر ایک تعلیمی نظام کے سلسلے میں شب و روز جھوٹا پروپیگنڈا چلاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ لگاتار شکایت رہی ہے کہ نچلی عدالتیں اپنے فیصلوں میں توازن برقرار رکھ نہیں پاتیں اور اکثر پولس اور سرکاری موقف پر فیصلہ کرتی ہیں ۔ آج سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو بدل کر آئینی اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنایا ہے۔واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ نے اپنے تا ریخی فیصلے میں اتر پردیش مدرسہ بورڈ کی قانونی حیثیت پر مہر لگادی ہے اور الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کومسترد کرتے ہوئے اس کی قانونی حیثیت برقرار رکھی ہے۔مولانا محمود مدنی نے چیف جسٹس کے اس تبصرے “جیو اور جینے دو” پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس جملے کی گہرائی سمجھنا ہر ہندوستانی کے لیے ضروری ہے۔ اس فیصلے سے ملک میں ایک پیغام جانا چا ہیے کہ ملک کے سبھی طبقے کو جینے کا یکساں حق حاصل ہے، بالخصوص آج مسلمان جس طرح خود کو علیحدہ اور بے بس محسوس کررہا ہے، جس طرح فرقہ پرست طاقتیں اور اقتدار میں بیٹھے ہوئے حکومت کے کئی وزراء کھلے عام تشدد کی اپیل کررہے ہیں اور مدرسو ں کے وجود کو بوجھ بنا کر پیش کررہے ہیں، اس پس منظر میں سپریم کورٹ کا یہ بیان نہایت اہم نصیحت کا حامل اور ملک کے لو گوں کو بیدا ر کرنے والا ہے ۔مولانا مدنی نے اس موقع پر یو پی مدرسہ ٹیچرز ایسوسی ایشن کی عدالتی کوششوں کی ستائش کی اور اس فیصلےکو ان کی محنتوں کا پھل بتایا ۔آل انڈیا ٹیچرس ایسوسی ایشن مدارس عربیہ کے قومی جنرل سکریٹر مولانا وحید اللہ خان سعیدی ، دیگر ذمہ داران مولانا محمد طارق شمسی ا ٹاوا وغیرہم نے وہاٹس پیغام میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی اور ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی کا شکریہ ادا کیاہے کہ انھوں نے الہٰ اباد ہائی کورٹ کی لکھنو بینچ جانب سے مدرسوں کے خلاف فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے داخل ایس ایل پی میں قطعی سماعت کی پیروی تک آل انڈیا ٹیچرس ایسوسی ایشن مدارس عربیہ کے افراد کا ہر طرح سے تعاون کیا۔ جمعیۃ کے قانونی نگراں مولانا نیاز احمد فاروقی کاقیمتی تعاون ملا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.