
کولکاتہ، گذشتہ روز(راست) ی مسلم انسٹی ٹیوٹ کی ایجوکیشن سب کمیٹی نے گذشتہ روز حاجی محمد محسن ہال میں ایک کاؤنسلنگ پروگرام کا انعقاد کیا۔ کاونسلنگ سیشن کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پہلے حصے میں بیکن لرننگ انسٹی ٹیوٹ سے محترمہ سشمیتا بھٹاچاریہ اور محترمہ انیکا سین نے لینگویج اسکلز اور سافٹ اسکلز کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ دوسرے حصے میں طلبہ کو مضامین کے انتخاب، کیریئر کے امکانات، اور گریجویشن کورسز میں داخلے کے عمل کے بارے میں رہنمائی فراہم کی گئی۔ یہ سیشن پروفیسر سنچیتا بنرجی (کولکتہ گرلز کالج) اور ڈاکٹر نعیم انیس (اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری، دی مسلم انسٹی ٹیوٹ) نے پیش کیا۔ مقررین اور تجربہ کار اساتذہ نے مختلف تعلیمی شعبوں پر روشنی ڈالی، ان کی آج کے روزگار کے میدان میں اہمیت بیان کی، اور کالج میں داخلے کے عمل کی مرحلہ وار وضاحت کی۔ ایجوکیشن سکریٹری محمد شمس الصالحین نے طلبہ کو یونین پبلک سروس کمیشن اور ویسٹ بنگال پبلک سروس کمیشن کے ذریعے منعقد کیے جانے والے امتحانات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ، فوجی اور نیم فوجی دستوں میں شمولیت کے لیے ہونے والے مختلف امتحانات سے بھی طلبہ کو جانکاری دی۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں طلبہ اور والدین نے شرکت کی، جو اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کو لے کر واضح رہنمائی چاہتے تھے۔ شرکاء نے سیشن کی معلوماتی نوعیت کی تعریف کی، جس نے مضمون کے انتخاب سے متعلق الجھن کو دور کیا اور دلچسپی اور صلاحیت کی بنیاد پر روشن کیریئر کی راہوں کو اجاگر کیا۔ اعزازی جنرل سیکریٹری نثار احمد نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ مسلم انسٹی ٹیوٹ کی یہ پہل نوجوانوں کو تعلیم اور رہنمائی کے ذریعے بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ ہے، تاکہ وہ ایک روشن مستقبل کی طرف قدم بڑھا سکیں۔ ساجد پرویز، (میوزک و ڈرامہ سیکریٹری) نے شکریہ کے کلمات ادا کیا ۔ اس موقع پر موجود دیگر اہم شخصیات میں قمر الدین ملک (سماجی کارکن)، محمد جہانگیر (سابق پرنسپل، سیفی ہال اسکول)، ڈاکٹر جنید جبران جاوید، راشد نہال صدیقی،انصار عالم، ساجد خان (بلئرڈ سیکریٹری)، ڈاکٹر جاوید اختر (لٹریری سیکریٹری) شامل تھے۔
