National

دہشت گردی کو اس قدر گہرا دفنایا جائے گا کہ پھر کبھی سر نہیں اٹھا پائے گی: امت شاہ

53views

جموں، 16 ستمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی طاقت کو جموں خطے میں دہشت گردی کو دوبارہ زندہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت دہشت گردی کو اس حد تک دفن کرے گی کہ یہ پھر دوبارہ کبھی سر نہیں اٹھا سکے گی۔وزیر داخلہ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز کشتواڑ میں ایک بڑی انتخابی ریلی سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘ملک دشمن اور امن دشمن عناصر جموں خطے میں انیس سو نوے کی دہائی کے جیسے ماحول کو واپس لانےکی کوشش کر رہے ہیں لیکن میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کو زمین میں کافی گہرا دفن کیا جائے گا تاکہ یہ دوبارہ سر نہ اٹھا سکے ۔نیشنل کانفرنس کے صدر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘وہ تب کہاں تھا جب یہاں خون خرابہ تھا، جب وہ یہاں آئے گا تو ان سے یہ سوال پوچھنا،میں جانتا ہوں کہ وہ کہاں تھا، وہ اس وقت لندن میں تھا ۔وزیر داخلہ نے کانگریس – نیشنل کانفرنس الائنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا: ‘اس الائنس نے جموں و کشمیر میں ہمیشہ دہشت گردی اور علاحدگی پسندی کے لئے بنیاد فراہم کی ہے ۔انہوں نے کہا ولیج ڈیفنس گارڈز (وی ڈی جیز) اور سپیشل پولیس افسروں (ایس پی اوز) کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا گیا ہے تاکہ در اندازوں، جو یہاں امن کو درہم وبرہم کرنے کے لئے در اندازی کرتے ہیں، کو پہاڑوں میں ہی دفنایا جائے۔ان کا کہنا تھا: ‘کسی بھی طاقت کو ہندوستان کی زمین دہشت گردی کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔دفعہ 370 کی بحالی کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ‘یہ دفعہ اب ملک کی تاریخ کا پرانا باب بن گیا ہے ۔لوگوں کی طرف مخاطب ہو کر امیت شاہ نے کہا کہ کیا لوگ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو واپس لانا چاہتے ہیں تو ورکروں نے زوردار آواز میں ‘نہیں کہا۔انہوں نے کہا: ‘میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ کیسے دفعہ 370 کو بحال کر سکتے ہیں، میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ نہ دہشت گردی اور نہ ہی دفعہ 370 اب کبھی واپس آسکتا ہے ۔عمر عبداللہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘پہلے انہوں نے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب دو سیٹوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جب تک مرکز میں نریندر مودی کی حکومت ہے تب تک کوئی بھی طاقت گجر اور پہاڑی طبقوں کی ریزرویشن کو واپس نہیں لے سکتی ہے۔انہوں نے کہا: ‘دو آئینوں، دو جھنڈوں کو واپس لانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے ۔ان کا کہنا تھا: ‘یہ الیکشن دو طاقتوں کے درمیان ہیں ایک طرف نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی ہے اور دوسری طرف بی جے پی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.