ہومSportsورلڈ چیمپئن کارلسن ایک بار پھر آپے سے باہر

ورلڈ چیمپئن کارلسن ایک بار پھر آپے سے باہر

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

بھارتی کھلاڑی ارجن سے ہار کے بعد غصے میں میز پر ہاتھ پٹکا

نئی دہلی،30؍دسمبر(ایجنسی):دنیا کے نمبر ون شطرنج کھلاڑی اور پانچ بار کے ورلڈ چیمپئن میگنس کارلسن ایک بار پھر اپنے ردعمل کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری ورلڈ ریپڈ/بلٹز چیمپئن شپ کے دوران بھارت کے ارجن ایرگیسی سے ہار کے بعد کارلسن نے غصے میں میز پر زور سے ہاتھ مارا۔ اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔یہ ویڈیو فیڈے (FIDE) اور شطرنج کی کمیونٹی سے وابستہ آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کی گئی۔ فوٹیج میں کارلسن کی کوئین (ملکہ) ہاتھ سے پھسل کر گرتی ہوئی دکھائی دیتی ہے، جس کے بعد وہ میز پر ہاتھ مارتے ہوئے نظر آتے ہیں۔اس سے پہلے بلٹز ٹورنامنٹ میں ہی روس کے ولادیسلاو آرٹیمیوف سے مقابلہ ہارنے کے بعد باہر جاتے وقت انہوں نے کیمرہ مین کو دھکا دے دیا تھا۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔ 27 دسمبر کو راؤنڈ-7 میں کارلسن نے 15 ویں چال پر بڑی غلطی کی، جس کا فائدہ اٹھا کر آرٹیمیوف نے مقابلہ اپنے نام کیا۔ناروے چیس ٹورنامنٹ میں ڈی گوکیش سے ہارنے کے بعد کارلسن نے بورڈ پر مکا مارا تھا۔ 2 جون کو ناروے چیس ٹورنامنٹ کے چھٹے راؤنڈ میں گوکیش نے ورلڈ نمبر ون میگنس کارلسن کو شکست دی تھی۔ کلاسیکل شطرنج میں کارلسن کے خلاف گوکیش کی یہ پہلی جیت تھی۔ ہار کے فوراً بعد کارلسن نے شطرنج کے بورڈ پر مکا مارا تھا۔ورلڈ نمبر 5 ارجن ایرگیسی اس ٹورنامنٹ کے ریپڈ زمرے میں کانسی کا تمغہ (برونز میڈل) جیت چکے ہیں۔ 22 سالہ ارجن اس سال مختلف فارمیٹس میں کارلسن کو کئی بار شکست دے چکے ہیں، جسے بھارتی شطرنج کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹورنامنٹ ابھی جاری ہے اور بلٹز کا فائنل مقابلہ کل یعنی بدھ کو کھیلا جائے گا۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version