پٹنہ، 13اپریل (یواین آئی) بہار میں دوسری بار منعقد ہونے والے خواتین کبڈی ورلڈ کپ 2025 کے مفاہمت نامے پر آج دستخط کیے گئے۔ایمیچور کبڈی فیڈریشن آف انڈیا کی جانب سے فیڈریشن کے جنرل سکریٹری جتیندر پران سنگھ ٹھاکر اور بہار اسٹیٹ اسپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل و چیف ایگزیکٹیو آفیسر رویندرن شنکرن نے اس پر دستخط کیے۔ بہار اسٹیٹ اسپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر رویندر ناتھ چودھری، کھیل ایگزیکٹو آنندی کمار، کھیل محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سنجے کمار، انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کے ڈائریکٹر تیجسوی سنگھ گہلوت، اور بہار کبڈی ایسوسی ایشن کے چیئرمین کمار وجے سمیت دیگر معزز افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ہندوستانی خواتین کبڈی ٹیم کی کپتان سونالی وشنو اور نائب کپتان پشپا رانا بھی اس تاریخی موقع پر شامل رہیں۔ اسپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل رویندرن شنکرن نے تمام مہمانوں کا خاص طور پر استقبال کیا۔
