ہمانشو تیواری اور کپتان ایس گنی کی شاندار گیند بازی؛ آکاش راج اور مہرور کی نصف سنچریاں
پٹنہ/رانچی، 26 دسمبر: وجے ہزارے ٹرافی پلیٹ گروپ کے تحت جے ایس سی اے انٹرنیشنل اسٹیڈیم کمپلیکس، رانچی میں کھیلے گئے لسٹ-اے مقابلے میں بہار نے منی پور کو 15 رنز سے ہرا کر اہم جیت درج کی۔ اس میچ میں بہار نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 284 رنز بنائے، جس کے جواب میں منی پور کی ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز ہی بنا سکی۔بہار کی جانب سے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے مہرور نے 83 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 65 رنز کی موثر اننگز کھیلی۔ پیوش کمار سنگھ نے 42 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔ مڈل آرڈر میں آکاش راج نے 71 گیندوں پر 75 رنز کی عمدہ باری کھیل کر ٹیم کو مضبوطی فراہم کی۔ وکٹ کیپر آیوش لوہاروکا نے 27 گیندوں پر 29 رنز، جبکہ کپتان ایس گنی نے 30 گیندوں پر 31 رنز کا حصہ ڈالا۔ آخری اوورز میں بپن سوربھ نے 16 گیندوں پر تیز رفتار 28 رنز بنا کر اسکور کو 284 تک پہنچانے میں مدد کی۔منی پور کی جانب سے باؤلنگ میں بشورجیت اور جوٹن فیروئجام نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کا تعاقب کرنے اتری منی پور کی ٹیم کا آغاز مستحکم رہا۔ کرناجیت وائی نے 45 رنز اور الینیائی کھوائرکپم نے 60 رنز بنائے۔ اس کے بعد جانسن نے 48 رنز اور پر یوجیت کے نے 44 رنز بنا کر میچ کو دلچسپ بنا دیا، تاہم بہار کے گیند بازوں نے آخری اوورز میں بہترین کنٹرول کا مظاہرہ کرتے ہوئے رنز کی رفتار کو روکے رکھا۔بہار کی گیند بازی میں ہمانشو تیواری اور کپتان ایس گنی سب سے کامیاب ثابت ہوئے۔ ہمانشو تیواری نے 10 اوورز میں 45 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایس گنی نے 9 اوورز میں 55 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سورج کشیپ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ منی پور کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 269 رنز ہی بنا سکی اور بہار نے یہ میچ 15 رنز سے جیت لیا۔بہار کرکٹ ایسوسی ایشن نے ٹیم کی اس اجتماعی کارکردگی کی ستائش کی ہے اور کھلاڑیوں کو آئندہ میچوں کے لیے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔
