’بیلن ڈی اور‘ جیتنے والے پہلے سیاہ فام مسلمان فٹبالر بن گئے
پیرس،23 ستمبر(یو این آئی ) پیرس سینٹ جرمین ( پی ایس جی) کلب کے اسٹار فٹبالر عثمان ڈیمبیلے نے پیر کے روز فٹبال کی دنیا کا سب سے بڑا انفرادی اعزاز بیلن ڈی اور (Ballon d’Or) جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ وہ یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے سیاہ فام مسلمان کھلاڑی بن گئے ہیں، جس پر ان کے شائقین اور فٹبال ماہرین نے خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔فرانسیسی کلب پی ایس جی کے لیے کھیلنے والے 28 سالہ ڈیمبیلے کو یہ اعزاز گزشتہ سیزن میں شاندار کارکردگی اور چیمپئنز لیگ کی یادگار فتح میں مرکزی کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔ ڈیمبیلے نے پچھلے سیزن میں تمام مقابلوں میں 35 گول اسکور کیے اور اپنی ٹیم کو نہ صرف لیگ اور کپ ڈبل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ کلب کی تاریخ میں پہلی بار یورپ کا سب سے بڑا اعزاز یعنی چیمپئنز لیگ جیتنے میں بھی فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ میونخ میں کھیلے گئے فائنل میں پی ایس جی نے انٹر میلان کو 0-5 سے شکست دی، جس میں ڈیمبیلے کا کھیل پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بنا۔بیلن ڈی اور کے لیے اس سال کے مقابلے میں بارسلونا کے ابھرتے ہوئے نوجوان اسٹار لامین یامال اور دیگر بڑے کھلاڑی شامل تھے، تاہم ڈیمبیلے نے شاندار پرفارمنس کی بدولت سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یاد رہے کہ 2024 میں یہ ایوارڈ اسپین اور مانچسٹر سٹی کے مڈفیلڈر روڈری نے جیتا تھا، جبکہ اس سے پہلے کئی برسوں تک یہ ٹرافی لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے درمیان گردش کرتی رہی۔ایوارڈ وصول کرنے کے بعد عثمان ڈیمبیلے نے جذباتی خطاب میں کہا، ’’میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، یہ پی ایس جی کے ساتھ ایک ناقابلِ یقین سیزن تھا۔ یہ انفرادی ٹرافی ہے لیکن حقیقت میں یہ پوری ٹیم کی اجتماعی کامیابی ہے۔ ان کے شاندار سیزن کا اعتراف کرتے ہوئے پی ایس جی کے کوچ لوئس اینریکے کو بھی سال کے بہترین کلب کوچ کا ایوارڈ دیا گیا۔دوسری جانب خواتین کا بیلن ڈی اور ایوارڈ اسپین کی اسٹار پلیئر آئتانا بونماتی نے مسلسل تیسری بار اپنے نام کیا، جس سے وہ بھی خواتین کے عالمی فٹبال میں نمایاں مقام پر براجمان رہیں۔ ڈیمبیلے کی اس کامیابی کو نہ صرف فرانس بلکہ پوری مسلم دنیا میں تاریخی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔
