ہومSportsفارمولا ون کی پہلی خاتون ورلڈ چیمپئن کی تلاش تیز

فارمولا ون کی پہلی خاتون ورلڈ چیمپئن کی تلاش تیز

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

لڑکیوں کو موٹر اسپورٹس کی جانب لانے کی نئی کوششیں

لندن،30 دسمبر(یو این آئی ) فارمولا ون میں پہلی خاتون عالمی چیمپئن کی تلاش کے لئے کوششیں تیز ہو گئی ہیں، جہاں انگلینڈ میں ایک تاریخی اقدام کے تحت کم عمر لڑکیوں کو موٹر اسپورٹس کی دنیا سے متعارف کرایا جا رہا ہے، تاکہ مردوں کے غلبے والے اس کھیل میں صنفی فرق کو کم کیا جا سکے۔ اکتوبر میں انگلینڈ کے شہر نوٹنگھم میں منعقد ہونے والے ایک خصوصی ٹیسٹ ڈے کے دوران درجن بھر لڑکیوں نے کارٹنگ ٹریک پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔اس اقدام کا مقصد کم عمری میں لڑکیوں کو ریسنگ کی جانب راغب کرنا ہے، تاکہ مستقبل میں وہ فارمولا ون جیسے اعلیٰ درجے کے مقابلوں تک رسائی حاصل کر سکیں۔فارمولا ون میں آخری بار کسی خاتون ڈرائیور نے 1976 میں شرکت کی تھی، جب اطالوی ڈرائیور لیللا لومبارڈی نے ایک گراں پری میں حصہ لیا۔اس کے بعد سے خواتین کی عدم موجودگی کو ماہرین کم عمری میں مواقع کی کمی سے جوڑتے ہیں۔خواتین ڈرائیورز کی حمایت کرنے والی تنظیم مور دین ایکوئل کے مطابق، لڑکیاں اوسطاً لڑکوں کے مقابلے میں 2 سال بعد کارٹنگ شروع کرتی ہیں۔ تنظیم کے مطابق یہی ابتدائی فرق آگے چل کر فارمولا ون تک رسائی میں بڑی رکاوٹ بن جاتا ہے۔فارمولا ون دنیا کے چند غیر صنفی تقسیم والے کھیلوں میں شامل ہے، تاہم اس کے باوجود یہ سب سے زیادہ مردوں کے غلبے والا کھیل سمجھا جاتا ہے۔ ایف ون کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق، اس کے مداحوں کی عالمی تعداد 82 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جو 2018 کے بعد 63 فیصد اضافہ ہے۔مور دین ایکوئل کی ڈرائیور ڈویلپمنٹ سربراہ لارن فرو نے کہا کہ گزشتہ 50 برسوں میں خواتین کے لیے بنایا گیا نظام کسی خاتون کو مسابقتی طور پر فارمولا ون تک نہیں پہنچا سکا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لڑکیاں موجودہ ڈھانچے میں ترقی نہیں کر پا رہیں۔ تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ اس کا ہدف تاریخ رقم کرنا ہے اور ایک ایسی خاتون ڈرائیور تیار کرنا ہے جو نہ صرف فارمولا ون میں مقابلہ کرے بلکہ جیت بھی حاصل کرے۔ادھر 15 سالہ برطانوی ڈرائیور اسکائی پارکر، جو 6 سال کی عمر سے کارٹنگ کر رہی ہیں، فارمولا ون ورلڈ چیمپئن بننے کے خواب دیکھ رہی ہیں۔ ماہرین کے مطابق، مالی اخراجات، ثقافتی رکاوٹیں، اسپانسرشپ کی کمی اور رول ماڈلز کی عدم موجودگی وہ بڑے عوامل ہیں جو خواتین کی راہ میں حائل ہیں۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version