کولمبو، 14 فروری (یو این آئی) کپتان لورکان ٹکر (ناٹ آؤٹ 94)، گیرتھ ڈیلینی (56) اور جارج ڈوکریل (ناٹ آؤٹ 35) کی دھواں دھار بیٹنگ کے بعد گیند بازیں کی شاندار کارکردگی کی بدولت آئرلینڈ نے ہفتہ کو ٹی-20 ورلڈ کپ کے 22 ویں مقابلے میں عمان کو 96 رن سے شکست دی۔آج یہاں 236 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری عمان کے بیشتر بلے باز آئرلینڈ کے بالنگ اٹیک کے سامنے بے بس نظر آئے اور ان کی پوری ٹیم 18 اوورز میں 139 رن کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ عامر کلیم نے عمان کی جانب سے سب سے زیادہ 50 رن بنائے۔ اس دوران انہوں نے 29 گیندوں کا سامنا کیا اور پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ اس کے علاوہ حماد مرزا نے 37 گیندوں میں چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 46 رن کی اننگز کھیلی۔ سفیان محمود 10 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بقیہ آٹھ بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔
آئرلینڈ کی جانب سے جوش لٹل نے 16 رن دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ میتھیو ہمفریز اور بیری میکارتھی کے حصے میں دو دو وکٹ آئے۔ جارج ڈوکریل نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل عمان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لئے آئی آئرلینڈ کا آغاز اچھا نہ رہا اور اس نے 64 کے اسکور تک اپنے چار وکٹ گنوا دیئے۔ ٹم ٹیکٹر (5)، راس ایڈیر (14)، ہیری ٹیکٹر (14) اور کرٹس کیمفر 12 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان میں سے تین بلے بازوں کو شکیل احمد نے آؤٹ کیا۔ ایسے مشکل وقت میں لورکان ٹکر اور گیرتھ ڈیلینی نے اننگز کو سنبھالا اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے تیزی سے رن حاصل کئے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 101 رن کی شراکت داری ہوئی۔ 17 ویں اوور میں شاہ فیصل نے گیرتھ ڈیلینی کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ گیرتھ ڈیلینی نے 30 گیندوں میں تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 56 رن بنائے۔
آئرلینڈ نے عمان کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹ پر 235 رن کا پہاڑ جیسا اسکور بنایا۔ لورکن ٹکر نے 51 گیندوں میں 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 94 رن کی اننگز کھیلی۔ جارج ڈوکریل نے محض نو گیندوں میں پانچ چھکے لگا کر ناٹ آؤٹ 35 رن بنائے۔ واضح رہے کہ ٹی-20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے بڑا اسکور سری لنکا کا (6 وکٹ پر 260 رنز) ہے، جو اس نے 2007 میں کینیا کے خلاف جوہانسبرگ میں بنایا تھا۔ عمان کی جانب سے شکیل احمد نے تین وکٹ حاصل کئے جبکہ شاہ فیصل اور عامر کلیم نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا
