نمیبیا ٹورنامنٹ سے باہر، امریکہ کی سپر 8 میں پہنچنے کی امیدیں برقرار
چنئی،15 فروری (یو این آئی )آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 26 ویں میچ میں امریکہ نے نمیبیا کو 31 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی لگاتاردوسری جیت حاصل کر لی ہے۔ اس نتیجے کے ساتھ ہی نمیبیا مسلسل تین شکستوں کے بعد باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے، جبکہ امریکہ نے سپر 8 مرحلے تک رسائی کی امیدیں زندہ رکھی ہیں۔
چنئی کے چیپک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ اے کے اس اہم مقابلے میں امریکہ نے بیٹنگ اور بالنگ دونوں شعبوں میں برتری ثابت کی۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے امریکہ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔میچ کے ہیرو سنجے کرشنا مورتی رہے، جنہوں نے صرف 33 گیندوں پر 68 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
کپتان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ٹیم کو بہترین بنیاد فراہم کی۔ جیرارڈ ارسمس اور ولیم مائی برگ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ روبن ٹرمپلمین 52 رنز دے کر مہنگے ترین بالر ثابت ہوئے۔200 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 168 رنز ہی بنا سکی۔
نمیبیا نے ہدف کے تعاقب میں 10 اوورز تک صرف ایک وکٹ پر 99 رنز بنا لیے تھے اور وہ جیت کی پوزیشن میں نظر آ رہے تھے، لیکن اسٹین کیمپ (58) کے آؤٹ ہوتے ہی پوری ٹیم لڑکھڑا گئی اور مقررہ اوورز میں 168 رنز ہی بنا سکی۔ شیڈلی وان شالک وِک نے ایک بار پھر شاندار بالنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں اور ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بن گئے۔
نمیبیا کی جانب سے اسٹین کیمپ نے 58 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، لیکن وہ ٹیم کو جیت کے قریب نہ لے جا سکے۔ مڈل آرڈر میں جے جے اسمٹ نے 31 رنز کا حصہ ڈالا۔ امریکہ کی جانب سے شیڈلی وان شالک وِک نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں اور نمیبیائی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
