ہومSportsٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا بڑا الٹ پھیر

ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا بڑا الٹ پھیر

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

زمبابوے نے آسٹریلیا کو 23 رن سے شکست دی

کولمبو، 13 فروری (یو این آئی ) بلیسنگ موزاربانی اور بریڈ ایونز کی قہر ڈھاتی بالنگ کی بدولت زمبابوے نے جمعہ کے روز عالمی کرکٹ کی مضبوط ترین ٹیم آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا سب سے بڑا الٹ پھیر کر دیا۔زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جس کے تعاقب میں کینگروز کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں محض 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ واضح رہے کہ زمبابوے نے اس سے قبل 2007 کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر دنیا کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا تھا اور اب 19 برس بعد ایک بار پھر اس تاریخ کو دہرا دیا ہے۔کولمبو کا آر پریماداسا اسٹیڈیم زمبابوے کے شائقین کے جشن سے گونج رہا تھا، جبکہ آسٹریلوی حامی اپنی ٹیم کی اس غیر متوقع شکست پر ششدر رہ گئے۔بلیسنگ موزاربانی (17 رنز عوض 4 وکٹ) اور بریڈ ایونز (23 رنز عوض 3 وکٹ) نے نئی گیند کے ساتھ ایسی تباہی مچائی کہ آسٹریلیا کا ٹاپ آرڈر تاش کے پتوں کی طرح بکھر گیا۔جوش انگلس ڈیپ میں کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ کیمرون گرین اور ٹم ڈیوڈ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ٹریوس ہیڈ کے کلین بولڈ ہونے سے آسٹریلیا کی حالت مزید نازک ہوگئی اور اس کا اسکور محض 29 رنز پر 4 وکٹ ہو گیا۔گلین میکسویل (31) اور میٹ رینشا (65) نے پانچویں وکٹ کے لیے 77 رنز کی شراکت داری قائم کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی بھرپور کوشش کی۔ ایک مرحلے پر جب زمبابوے کے کپتان سکندر رضا ‘کریمپس ‘ (پٹھوں میں کھنچاؤ) کے باعث میدان سے باہر گئے، تو لگا کہ شاید میچ زمبابوے کے ہاتھ سے نکل جائے گا، لیکن ریان برل نے اہم موڑ پر میکسویل کو آؤٹ کر کے بازی پلٹ دی۔اس سے قبل زمبابوے کی اننگز میں برائن بینیٹ نے ناقابلِ شکست 64 رنز اسکور کیے۔ تادیواناشے مارومانی اور ریان برل نے 35، 35 رنز بنائے جبکہ کپتان سکندر رضا 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔زمبابوے کرکٹ کی تاریخ میں یہ دن سنہری حروف سے لکھا جائے گا جہاں انہوں نے حالات کا بہتر ادراک کیا، بہترین حکمتِ عملی اپنائی اور مستحق فتح کے ساتھ قیمتی دو پوائنٹس حاصل کیے۔ بلیسنگ موزاربانی کو ان کی تباہ کن بالنگ پر ‘پلیئر آف دی میچ ‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version