جوہانسبرگ، 28 دسمبر (یو این آئی) سن رائزرز ایسٹرن کیپ ( ایس ای سی ) نے ایس اے20 مہم کا دھماکہ خیز آغاز کرتے ہوئے پارل رائلز کو ریکارڈ ساز کم ترین اسکور 49 رنز پر آؤٹ کر دیا اور بونس پوائنٹ کے ساتھ 137 رنزسے فتح سمیٹ لی۔ اس فتح کے ہیرو اینرک نورٹجے رہے، جنہوں نے اپنے تباہ کن اسپیل میں 4 وکٹیں حاصل کر کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی بھرپور تیاری کا ثبوت دے دیا۔سن رائزرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ اوپنرز کوئنٹن ڈی کاک اور جونی بیئرسٹو نے پہلی وکٹ کیلئے 66 رنز کی شراکت قائم کی، جس میں پاور پلے کے 52 رنز شامل تھے۔ ڈی کاک نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 3 چوکے اور 2 چھکے لگائے، جبکہ بیئرسٹو نے 31 رنز بنائے۔مڈل آرڈر میں جارڈن ہرمن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 28 گیندوں پر ناقابلِ شکست 62 رنز بنائے، جس میں 5 چوکے اور 4 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ میتھیو بریتزکے کے ساتھ ان کی 73 رنز کی تیز رفتار شراکت کی بدولت سن رائزرز نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹ پر 186 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا۔187 رنز کے تعاقب میں پارل رائلز کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پاور پلے کے اختتام تک رائلز کے 4 اہم کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ مارکو یانسن نے پہلے ہی اوور میں وکٹ لے کر تباہی کا آغاز کیا، جبکہ ایڈم ملنے نے بھی دو شکار کیے۔میچ کا پانسہ 11 ویں اوور میں مکمل طور پر پلٹ گیا جب اینرک نورٹجے نے ایک ہی اوور میں 3 وکٹیں لے کر پارل رائلز کی کمر توڑ دی۔ نورٹجے کی رفتار اور لینتھ کا حریف بلے بازوں کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔ رہی سہی کسر تھرندو رتنائیکے نے 12 ویں اوور میں دو وکٹیں لے کر پوری کر دی اور پوری ٹیم 11.5 اوورز میں محض 49 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔اس بڑی فتح کے ساتھ سن رائزرز نے ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن انتہائی مستحکم کر لی ہے، جبکہ پارل رائلز کے لیے یہ شکست ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی ہے۔
