ٹوکیو 22 اکتوبر(یو این آئی ) امریکی ٹینس اسٹار سوفیہ کینن اور روس کی ٹینس کھلاڑی ڈیانا شنائیڈر ڈبلیو ٹی اے ٹورے پین پیسیفک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں ۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق سوفیہ کینن نے ویمنز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میچ میں وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنے والی میزبان کھلاڑی مویوکا اچیجیما کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا جبکہ روسی ٹینس کھلاڑی ڈیانا شنائیڈر نے ابتدائی میچ میں یوکرین کی حریف کھلاڑی ڈیانا اولیکسنڈریونا کو ہرا کر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ڈبلیو ٹی اے کے زیر اہتمام ٹورے پین پیسیفک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاپان میں جاری ہے۔خواتین کے ڈبلز مقابلوں کے ابتدائی مرحلے کے میچ میں 26 سالہ سوفیہ کینن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنے والی میزبان کھلاڑی مویوکا اچیجیما کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 3-6 سے ہرا کر نہ صرف ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا بلکہ دوسرے رائونڈ کیلئےکوالیفائی کرلیا۔ ایک اور میچ میں روس کی ٹینس کھلاڑی ڈیانا شنائیڈر نے یوکرین کی حریف کھلاڑی ڈیانا اولیکسنڈریونا کو سٹریٹ سیٹس میں 0-2سے ہرا کر دوسرے رائونڈ میں جگہ پکی کی۔ روسی ڈیانا شنائیڈر کی فتح کا سکور 3-6 اور 1-6 رہا۔
