ممبئی، 11 اکتوبر (یو این آئی) شاردل ٹھاکر 15 اکتوبر سے شروع ہونے والی رنجی ٹرافی 2025-26 میں ممبئی کی قیادت کریں گے۔ سری نگر میں جموں و کشمیر کے خلاف پہلے میچ کے لیے 16 رکنی ٹیم میں شیوَم دوبے اور سرفراز خان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پچھلے سیزن تک ممبئی کی کپتانی کرنے والے اجنکیا رہانے ٹیم میں موجود ہیں، لیکن سوریا کمار یادو کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ٹھاکر، جو ہندوستان کی انگلینڈ کے دورے والی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ تھے، پانچ میں سے دو ٹیسٹ میچ کھیلے تھے، مگر موجودہ ویسٹ انڈیز دورے کے لیے ان کا انتخاب نہیں ہوا۔ ان کا آخری فرسٹ کلاس میچ دلیپ ٹرافی میں سینٹرل زون کے خلاف تھا۔سرفراز دلیپ ٹرافی سے باہر تھے کیونکہ انہیں بُچی بابو ٹورنامنٹ کے دوران چوٹ لگی تھی۔ دوبے آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے روانہ ہونے سے پہلے رنجی ٹرافی کا پہلا راؤنڈ کھیلیں گے۔
