مندھانا تیسرے نمبر پر برقرار
دبئی، 30 دسمبر (یو این آئی )سری لنکا کے خلاف جاری ٹی20 بین الاقوامی سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد شیفالی ورما نے آئی سی سی خواتین ٹی20 بلے بازوں کی رینکنگ میں چار درجے کی چھلانگ لگاتے ہوئے چھٹا مقام حاصل کر لیا ہے، جبکہ نائب کپتان اور اوپننگ بلے باز اسمرتی مندھانا بدستور تیسرے نمبر پر برقرار ہیں۔بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے منگل کو جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق شیفالی 736 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ مندھانا 767 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر قائم ہیں۔ ایک درجہ تنزلی کے باوجود جمائمہ روڈریگز دسویں نمبر پر موجود ہیں اور اس طرح وہ ٹاپ 10 میں شامل تیسری بھارتی بلے باز بنی ہوئی ہیں۔شیفالی نے اب تک سیریز کے چار میچوں میں تین نصف سنچریوں کی مدد سے 227 رنز اسکور کیے ہیں اور وہ رینکنگ میں سرفہرست آسٹریلیا کی بیتھ مونی سے محض 60 پوائنٹس پیچھے ہیں۔ بھارتی وکٹ کیپر رچا گھوش نے بھی چوتھے ٹی20 بین الاقوامی میچ میں ناقابلِ شکست 40 رنز بنا کر رینکنگ میں 20واں مقام حاصل کر لیا ہے۔ادھر ٹی20 گیند بازوں کی رینکنگ میں رینوکا سنگھ اور شری چرنی کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے۔ رینوکا نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے تیسرے میچ میں ٹیم میں واپسی کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں، جس کے نتیجے میں وہ تازہ ترین ٹی20 بولرز رینکنگ میں آٹھ درجے اوپر چڑھ کر چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ بائیں ہاتھ کی اسپنر شری چرنی نے ابتدائی چار میچوں میں چار وکٹیں حاصل کر کے رینکنگ میں 17 درجے کی ترقی کے ساتھ 52ویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔ اس فہرست میں دیپتی شرما 738 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہیں۔
