کلکتہ، 13 نومبر (یو این آئی) کلکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 سے قبل آسٹریلیا کے سابق آل راؤنڈر شین واٹسن کو ٹیم کا معاون کوچ مقرر کیا ہے۔59 ٹیسٹ، 190 ون ڈے اور 58 بین الاقوامی ٹی-20 میچ کھیل چکے کوئنز لینڈ کے شین واٹسن ابھشیک نائیر کے ساتھ کام کریں گے، جنہیں حال ہی میں تین مرتبہ کی سابق چمپئن کے کے آر ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا گیا ہے۔ واٹسن اس سے قبل دہلی کیپیٹلز کے ساتھ منسلک تھے۔44 سالہ واٹسن آئی پی ایل کے لیجنڈ کھلاڑیوں میں شمار کیے جاتے ہیں، جنہوں نے 12 سیزن میں شرکت کی ہے۔ انہوں نے 2008 میں راجستھان رائلز کو آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں شاندار فتح دلائی تھی۔ انہوں نے اس سیزن میں ایم وی پی کا خطاب جیتا تھا اور 2013 میں ایک بار پھر یہ کارنامہ دہرایا تھا۔اسی دوران، ڈوین براوو کے کے آر ٹیم کے مینٹر بنے رہیں گے۔
