ہومSportsفیفا کی منظوری کے بعد رائن ولیمز اب ہندوستانی قومی فٹبال ٹیم...

فیفا کی منظوری کے بعد رائن ولیمز اب ہندوستانی قومی فٹبال ٹیم کیلئے کھیلیں گے

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

نئی دہلی، 21 نومبر (یو این آئی) فیفا کے پلیئر اسٹیٹس چیمبر نے جمعرات کو رائن ولیمز کی ایسوسی ایشن تبدیل کرنے کی درخواست منظور کر لی، جس کے بعد وہ اب ہندوستانی مردوں کی قومی فٹبال ٹیم کی نمائندگی کرنے کے اہل ہوگئے ہیں۔آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کے ایک بیان کے مطابق، یہ فیصلہ ریگولیشنز گورننگ دی ایپلیکیشن آف دی اسٹیچوٹس کے تحت کی گئی ایک جائزہ کارروائی کے بعد کیا گیا، جس میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ آسٹریلیا میں پیدا ہونے والے اس فٹبالر نے انٹرنیشنل سوئچ کے لئے درکار تمام معیار پورے کر لئے ہیں۔ولیمز کو یہ اہلّیت اس وقت ملی، جب انہوں نے اس مہینے کے آغاز میں اپنی آسٹریلین شہریت چھوڑ کر ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کا عمل مکمل کیا۔چونکہ ہندوستان دوہری شہریت کی اجازت نہیں دیتا، اس لئے کسی بھی اتھلیٹ کیلئے ضروری ہے کہ وہ ملک کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کرنے کیلئے ہندوستانی پاسپورٹ رکھتا ہو۔2008 کی کھیل وزارت کی پالیسی نے اس بات کو مزید مضبوط کیا کہ تمام قومی نمائندوں کا ہندوستانی شہری ہونا ضروری ہے۔ اسی وجہ سے او سی آئی (اوورسیز سٹیزن آف انڈیا) اور پی آئی او (پرَسن آف انڈین اوریجن) اتھلیٹس کو بھی اہل ہونے کیلئے اپنی غیر ملکی شہریت ترک کرنی پڑتی ہے۔رائن ولیمز کی والدہ ممبئی میں ایک اینگلو انڈین خاندان میں پیدا ہوئی تھیں۔ اس طرح وہ قومی ٹیم کی نمائندگی کیلئے ہندوستانی شہریت لینے والے دوسرے بیرون ملک پیدا شدہ او سی آئی/پی آئی او فٹبالر بن گئے۔ان سے پہلے اراتا ازومی تھے، جو جاپان میں پیدا ہوئے تھے، اور اپنے گجراتی والد کے ذریعے ہندوستان کیلئے اہل تھے۔ انہوں نے 2013 اور 2014 کے درمیان ہندوستان کیلئے نو میچ کھیلے۔ولیمز کے نانا، لنکن گرو اسٹیٹ، نے 1950 کی دہائی میں سنتوش ٹرافی میں بمبئی (موجودہ ممبئی) اسٹیٹ فٹبال ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔رائن ولیمز 1993 میں پرتھ میں پیدا ہوئے اور انہوں نے اپنے ابتدائی سال آسٹریلیا میں گزارے۔ پھر 2010 میں وہ پورٹس ماؤتھ کی اکیڈمی میں شامل ہونے کیلئے انگلینڈ منتقل ہوگئے۔ اگلے سال انہیں سینئر ٹیم میں ترقی ملی اور انہوں نے مڈلسبرو کے خلاف اپنا پروفیشنل ڈیبیو کیا۔فُلہم، بارنسلی اور پورٹس ماؤتھ جیسے کئی انگریزی فٹبال کلبوں کیلئے کھیلنے کے بعد ولیمز 2022 میں پرتھ گلوری میں شامل ہونے کے ساتھ آسٹریلیا واپس آگئے۔
اگلے سال وہ انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) کی ٹیم بنگلور ایف سی میں آ گئے، جس کی نمائندگی وہ آج بھی کرتے ہیں۔بنگلور ایف سی میں ہی انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی، سنیل چھیتری ،جو ہندوستان کے سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر ہیں ،کے سامنے ہندوستان کی نمائندگی کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version