چنئی، 16 نومبر (یو این آئی) چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) نے اپنے ایکس پوسٹ سے واضح کر دیا ہے کہ آئی پی ایل 2026 میں ٹیم کی کپتانی رتوراج گائیکواڑ ہی کریں گے۔ اگرچہ فرنچائز نے باضابطہ اعلان نہیں کیا، لیکن پوسٹ میں جس طرح تصویر اور پیغام دیا تھا اس سے یہ بالکل واضح تھا کہ کپتانی دوبارہ گائیکواڑ کے سپرد کی جائے گی۔گزشتہ سیزن رتوراج کے لیے مشکلات والا رہا تھا۔ انہوں نے آئی پی ایل 2025 کے ابتدائی پانچ میچوں میں ٹیم کی قیادت کی تھی، جن میں چنئی کو صرف ایک جیت حاصل ہوئی جبکہ چار میچوں میں شکست ملی۔ انہی پانچ مقابلوں میں گائیکواڑ نے 122 رنز بنائے تھے۔ راجستھان کے خلاف انہیں کہنی پر چوٹ لگی اور اس کے بعد وہ پورے سیزن سے باہر ہو گئے۔ ٹیم کی قیادت دوبارہ ایم ایس دھونی نے سنبھالی، لیکن چنئی کا کھیل بہتر نہ ہو سکا اور وہ 14 میں سے صرف 4 میچ جیت کر آخری مقام پر رہے۔چنئی نے آئی پی ایل 2026 سے قبل اپنے دستے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی ہیں۔ رویندر جڈیجہ اور سیم کرن کو ٹریڈ کر دیا گیا ہے جبکہ کئی کھلاڑیوں کو ریلیز کر دیا گیا ہے۔ ٹیم نے رتوراج اور دھونی کے ساتھ مضبوط کور برقرار رکھا ہے اور کچھ دلچسپ ریٹینشنز بھی کیے ہیں۔ ٹیم میں سنجو سیمسن کی موجودگی بھی انہیں مضبوطی فراہم کرے گی۔سی ایس کے آئی پی ایل 2026 سے پہلے ریلیز کیے گئے کھلاڑیوں میں رویندر جڈیجہ (آر آر کو ٹریڈ)، آندرے سدھارتھ، دیپک ہُڈّا، ڈیون کونوے، راچِن رویندر، متھیشا پتھی رانا، سیم کرن (آر آر کو ٹریڈ)، کملیش ناگرکوٹی، راہل ترپاٹھی، شیخ رشید، ونشی بیدی، وجے شنکر شامل ہیں۔ریٹین کیے گئے کھلاڑیوں میں ایم ایس دھونی، رتوراج گائیکواڑ، سنجو سیمسن (آر آر سے ٹریڈ)، آیوش مہاترے، ڈیوالڈ بریوس، شِوَم دوبے، اُروِل پٹیل، نور احمد، ناتھن ایلس، شریاس گوپال، خلیل احمد، رام کرشن گھوش، مکیش چودھری، جیمی اوورٹن، گرجپریت سنگھ، انشول کمبوج۔
