سڈنی، 11 جنوری (یو این آئی ) ہیوبرٹ ہُرکاز کی شاندار واپسی اور فیصلہ کن کامیابی کی بدولت پولینڈ نے یونائیٹڈ کپ فائنل میں سوئٹزرلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار یہ خطاب اپنے نام کر لیا۔گھٹنے کی سرجری کے بعد سات ماہ میں اپنا پہلا ٹورنامنٹ کھیلتے ہوئے سابق عالمی نمبر 6 ہُرکاز نے اسٹین واورِنکا کو 6-3، 3-6، 6-3 سے شکست دے کر مقابلہ برابر کیا۔ اس سے قبل خواتین سنگلز میں بیلنڈا بینسچ نے ایگا سویاتیک کو 3-6، 6-0، 6-3 سے ہرایا تھا۔فیصلہ کن مکسڈ ڈبلز میں یان زیلنسکی اور کاترجینا کاوا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیکب پال اور بینسچ کو 6-4، 6-3 سے شکست دے کر پولینڈ کو تاریخی کامیابی دلائی۔ بینسچ کو یونائیٹڈ کپ فائنلز کی سب سے قیمتی کھلاڑی قرار دیا گیا۔
