نئی دہلی، 27 مئی (ہ س)۔ ناروے شطرنج ٹورنامنٹ 2025 کی دھماکیدار شروعات ہوچکی ہے۔ پہلے ہی دن سابق عالمی چیمپئن میگنس کارلسن نے موجودہ عالمی چیمپئن ڈی گوکیش کو شکست دے کر بڑا پیغام دیا۔یہ میچ پیر کو ناروے کے شہر اسٹاوینجر میں کھیلا گیا۔ خاص بات یہ تھی کہ گوکیش اور کارلسن کے درمیان سنگا پور میں ورلڈ خطاب جیتنے کے بعد یہ پہلا کلاسیکل میچ تھا۔وہیں ایک دیگر سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان کے ارجن ایریگیسی نے آرماگیڈن میں چین کے وی یی کو شکست دی۔کلاسیکل میچ ڈرا ہونے کے بعد ارجن ٹائی بریکر میں جیت گئے۔خواتین کے زمرے میں بھی ہندوستانیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، جہاں کونیرو ہمپی نے آرویشالی کو شکست دے کر مہم کا شاندار آغاز کیا۔اوپن کیٹیگری میں میگنس کارلسن اور ہیکارو ناکامورا 3-3 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہیں۔ ارجن ایریگیسی کے 1.5 پوائنٹس ہیں جبکہ وے یی ایک پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔فبیانو کروانا اور ڈی گوکیش کو ابھی کھاتہ کھولنا باقی ہے۔خواتین کے زمرے میں کونیرو ہمپی 3 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں۔ انا موزیچک اور لی ٹنگجی کے 1.5-1.5 پوائنٹس ہیں۔ جو وینجن اور سارہ خادم ایک ایک پوائنٹ کے ساتھ برابری پر ہیں، جبکہ آر ویشالی کو ابھی پہلا پوائنٹ حاصل کرنا ہے۔توقع ہے کہ آنے والے میچوں میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
