جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،19؍مارچ:آل انڈیا شطرنج فیڈریشن کے زیراہتمام آل جھارکھنڈ شطرنج ایسوسی ایشن کے بینر تلےرانچی ڈسٹرکٹ شطرنج ایسوسی ایشن کے ذریعہ قومی ریپڈ اینڈ بلٹز شطرنج چیمپئن شپ 25-2024 کا انعقاد 20 سے 23 مارچ 2025 تک سرلا برلا یونیورسٹی، رانچی میں کیا جائے گا۔ اس باوقار ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 316 کھلاڑی ریپڈ اور 292 کھلاڑی بلٹز فارمیٹ میں حصہ لیں گے جن میں 50 انٹرنیشنل ماسٹرز اور گرینڈ ماسٹرز بھی شامل ہیں۔5.6 لاکھ روپے کی انعامی رقم کے ساتھ یہ مقابلہ سرفہرست 4 کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گا جو آئندہ ایشین شطرنج چیمپئن شپ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ اس بار مقابلے کے ٹاپ 10 کھلاڑیوں کے درمیان میچز براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ مقابلہ کی تیاریوں کے سلسلے میں آج ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایونٹ سے وابستہ تمام اہم عہدیداران موجود تھے۔ میٹنگ میں پروگرام کی چیئرپرسن مسز ریچا سنچیتا، کنوینر منیش کمار، آرگنائزنگ سکریٹری نوجوت النگ، خزانچی ستیش کمار اور شریک سکریٹری پربھات رنجن نے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ چیف ججوں کی ٹیم بھی میٹنگ میں موجود تھی جس میں بین الاقوامی جج سریوتسن آر، دیپک کمار، وجیا راگھون، انوپم بھٹاچاریہ، پورنیما اپلاویکر اور ایف آئی ڈی ای کے جج راکی دیوانگن ، مانسی، مریدول اور گورو موجود تھے۔مقابلے کی افتتاحی تقریب میں ڈی آر ایم رانچی جسمیت سنگھ بندرا مہمان خصوصی کے طور پر موجود ہوں گے۔ اس کے علاوہ مہمانان خصوصی میں سرلابرلا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سی جگناتھن، ڈائریکٹر جنرل پروفیسر گوپال پاٹھک، پرنسپل، سرلا برلا پبلک اسکول اور مسز پرمجیت کور موجود رہیں گی۔مقابلے کا افتتاح 20 مارچ 2025 کو ہوگا اور اختتامی اور انعامات کی تقسیم 23 مارچ 2025 کو ہوگی۔
