ابوظہبی، 28 دسمبر ( یو این آئی )انٹرنیشنل لیگ T20 میں ایم آئی ایمیریٹس نے اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے دبئی کیپٹلز کو 8 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے دی ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی ایم آئی ایمیریٹس نے پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ ٹو میں اپنی جگہ یقینی بنا کر ’کوالیفائر 1‘ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اب منگل کے روز فائنل میں رسائی کے لیے ان کا مقابلہ ڈیزرٹ وائپرز سے ہوگا۔زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں دبئی کیپٹلز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ایم آئی ایمیریٹس کے بالرز نے غلط ثابت کر دیا۔نوجوان افغان اسپنر غضنفر نے ایک بار پھر جادوئی بالنگ کرتے ہوئے 28 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیشی اسٹارشکیب الحسن نے انتہائی کفایتی اسپیل کیا اور 4 اوورز میں محض 11 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ مقررہ 20 اوورز میں دبئی کیپٹلز کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 122 رنز بنا سکی۔123 رنز کا تعاقب ایم آئی ایمیریٹس نے انتہائی پراعتماد انداز میں شروع کیا۔ اوپنرز محمد وسیم (27) اور آندرے فلیچر (21) نے 47 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اگرچہ دونوں جلد آؤٹ ہو گئے، لیکن کپتان کیرون پولارڈ نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔ پولارڈ نے محض 31 گیندوں پر 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ انہوں نے وقار سلام خیل کے ایک ہی اوور میں 3 مسلسل چھکوں سمیت 30 رنز بٹور کر دبئی کیپٹلز کی امیدیں ختم کر دیں۔ ٹام بینٹن (28 رنز) نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں کے درمیان 67 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت داری ہوئی۔میچ کے بہترین کھلاڑی غضنفر نے کہا کہ انہوں نے اپنے پلان کے مطابق بالنگ کی اور محنت کا پھل انہیں وکٹوں کی صورت میں ملا۔
دوسری جانب دبئی کیپٹلز کے کپتان محمد نبی نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم خاطر خواہ رنز بنانے میں ناکام رہی اور پولارڈ نے میچ ان سے چھین لیا۔ایم آئی ایمیریٹس کی یہ مسلسل پانچویں جیت ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا وہ منگل کو ڈیزرٹ وائپرز کو ہرا کر فائنل میں براہِ راست جگہ بنا پاتے ہیں یا نہیں۔
