شیو رام کا آل راؤنڈر جادو: ’مین آف دی میچ‘قرار
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،16؍فروری: رانچی پریس کلب میڈیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2026 کے سنسنی خیز فائنل مقابلے میں ٹیم گنگا کو سات رنز سے ہرا کر ٹیم سورن ریکھا چیمپئن بن گئی۔ جے کے انٹرنیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقدہ اس مقابلے میں آل راؤنڈ کارکردگی کی بنیاد پر سورن ریکھا کے شیو رام کو ‘مین آف دی میچ‘منتخب کیا گیا۔ وہیں، پورے ٹورنامنٹ میں بلے اور گیند سے شاندار کارکردگی دکھانے والے مونو کمار کو ‘مین آف دی سیریز‘، ‘بیسٹ بیٹسمین‘اور ‘بیسٹ بولر‘کے خطابات سے نوازا گیا۔ فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے تمام اراکین کا 10-10 لاکھ روپے کا حادثاتی بیمہ بھی کرایا گیا۔گنگا اور سورن ریکھا کے درمیان کھیلے گئے فائنل میچ میں گنگا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سورن ریکھا کی ٹیم نے مقررہ 16 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز کا باعزت اسکور کھڑا کیا۔ سورن ریکھا کی جانب سے وجے کمار نے سب سے زیادہ 49 رنز بنائے، جبکہ شیو رام نے 36 رنز اور مونو کمار نے 24 رنز کی مفید اننگز کھیلی۔ گنگا کی جانب سے بولنگ میں اوم پرکاش جھا سب سے کامیاب رہے، انہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دیواکر اور سنتوش کو 1-1 وکٹ ملی۔134 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گنگا کی ٹیم 16 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 126 رنز بنا سکی اور ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ گنگا کی طرف سے اوم پرکاش جھا نے 52 رنز کی شاندار نصف سنچری اور سمیر سریجن نے 38 رنز بنائے، لیکن وہ اپنی ٹیم کو جیت نہ دلا سکے۔ سورن ریکھا کی جانب سے آصف نعیم نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین اوورز میں 18 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مونو کمار اور شیو رام کو 1-1 وکٹ ملی۔ شیو رام کو ان کی بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر ‘مین آف دی میچ‘کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔فائنل مقابلے کا افتتاح جھارکھنڈ اسمبلی کے اسپیکر رابیندر ناتھ مہتو نے کیا۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف حاصل کیا اور ٹاس کروا کر باقاعدہ افتتاح کیا۔ فائنل کے اختتام پر وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ، جھارکھنڈ کی وزیر برائے دیہی ترقی دیپیکا پانڈے سنگھ اور سابق مرکزی وزیر سبودھ کانت سہائے نے کھلاڑیوں کو ٹرافی اور دیگر انعامات دیے۔
