میڈرڈ ، 2 فروری (یو این آئی ) فرانسیسی اسٹار فٹ بالر کیلین ایمباپے کے اعصاب شکن پنالٹی گول کی بدولت ریئل میڈرڈ نے ‘رایو ویائے کانو‘ کو شکست دے کر لالیگا خطاب کی دوڑ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ اس فتح کے بعد ریئل میڈرڈ پوائنٹس ٹیبل پر 54 پوائنٹس کے ساتھ بارسلونا سے محض ایک پوائنٹ کے فاصلے پر برقرار ہے۔سینتیاگو برنابیو اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ ڈراما سے بھرپور رہا۔میچ کے آٹھویں منٹ میں ریئل میڈرڈ کے اسٹار کھلاڑی جُوڈ بیلنگھم ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو کر میدان سے باہر چلے گئے، جس سے ٹیم پر دباؤ بڑھ گیا۔ونیسیئس جونیئر نے اپنی مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے ایک شاندار ‘کرولنگ شاٹ‘ کے ذریعے گیند کو جال کی راہ دکھا کر میڈرڈ کو برتری دلائی۔دوسرے ہاف کے آغاز میں جورخے ڈی فروتوس نے گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، جس نے ہوم کراؤڈ کو خاموش کر دیا۔میچ کے آخری لمحات میں جب مقابلہ برابری پر ختم ہوتا نظر آ رہا تھا، 100ویں منٹ میں ابراہیم ڈیاز پر ہونے والے فاؤل کے نتیجے میں ریئل میڈرڈ کو پنالٹی ملی۔ کیلین ایمباپے نے بغیر کسی غلطی کے گیند کو گول میں پھینک کر ٹیم کو 1-2 سے فتح دلوا دی۔رایو ویائے کانو کے لیے میچ کا اختتام اچھا نہ رہا، ان کے دو کھلاڑیوں کو میدان چھوڑنا پڑا۔
