ایک اننگز میں 9 وکٹوں کا ناقابلِ یقین ورلڈ ریکارڈ
ریوڈی جنیریو،9 اپریل ( یو این آئی)عالمی کرکٹ میں اس وقت حیرت کی لہر دوڑ گئی جب برازیل ویمنز ٹیم کی فاسٹ بولر لارا کارڈوسو نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ کا سب سے بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ لارا کارڈوسو مرد اور خواتین، دونوں طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ہی اننگز میں 9 وکٹیں حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔افریقی ملک لیسوتھو کے خلاف کھیلے گئے میچ میں لارا کارڈوسو نے اپنی تباہ کن بالنگ سے حریف بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے۔ انہوں نے اپنے اسپیل کے دوران صرف 4 رنز کے عوض 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کی اس غیر معمولی کارکردگی نے کرکٹ کے تمام سابقہ ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔لارا کارڈوسو نے اس کارنامے کے ذریعے کرکٹ کی تاریخ کے کئی بڑے سنگ میل عبور کیے:اس سے قبل مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بہترین بالنگ کا ریکارڈ بھوٹان کے سونم یشی کے پاس تھا، جنہوں نے 2025 میں 8 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ویمنز ٹی ٹوئنٹی میں انڈونیشیا کی روحمالیا نے ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کر کے ریکارڈ بنایا تھا، جسے اب کارڈوسو نے بڑے مارجن سے توڑ دیا ہے۔برازیل نے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 202 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا تھا۔ تاہم، جب لیسوتھو کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری تو لارا کارڈوسو کی بالنگ کے سامنے بے بس نظر آئی۔ پوری لیسوتھو ویمنز ٹیم محض 13 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔برازیل نے یہ مقابلہ 189 رنز کے بھاری مارجن سے جیت کر نہ صرف میچ اپنے نام کیا بلکہ لارا کارڈوسو کی بدولت کرکٹ کی کتابوں میں اپنا نام ہمیشہ کے لیے محفوظ کر لیا۔
