فورٹ لاڈرڈیل، 10 اپریل (ہ س)۔ لیونل میسی کے دو شاندار گول کی مدد سے انٹر میامی نے جمعرات کو لاس اینجلس ایف سی کو 1-3 سے شکست دے کر کونکاکیف چیمپئنز کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ دو مقابلوں کے مجموعی اسکور میں میامی نے 2-3 سے بازی ماری۔ پہلے مرحلے میں 1-0 سے پچھڑ رہی میامی کے لئے واپسی کی راہ پہلے سے ہی مشکل تھی اور پھر مقابلے کے 9ویں منٹ میں ایران لانگ نے گول کر کے لاس اینجلس ایف سی کو 0-2 کی مجموعی برتری دلائی۔ اس سے میامی مزید دباو میں آگئی۔35ویں منٹ میں لیونل میسی نے ڈی کے باہر سے شاندار شاٹ مار کر میامی کو کھیل میں واپس لادیا۔ اس کے بعد ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے مزید دو گول درکار تھے۔میامی کو دوسرا گول اس وقت ملا جب نوہا ایلن نے باکس میں ایک اونچا پاس دیا جو میامی کے مڈفیلڈر فیڈریکو ریڈونڈو اور لاس اینجلس کے گول کیپر ہیوگو لوریس کے درمیان ہوتا ہوا سیدھا جال میں گیا۔اس کے بعد لوئس سواریز نے میسی کے پاس پر گیند کو گول میں ڈالا تاہم اسسٹنٹ ریفری نے انہیں آف سائیڈ قرار دے دیا۔ 84ویں منٹ میں میامی نے باکس کے اندر مارلن کے ہینڈ بال کی اپیل کی، جسے ویڈیو ریویو (وی اے آر) کے بعد برقرار رکھا گیا۔ میسی نے پنالٹی کو گول میں بدل کر میامی کو فیصلہ کن برتری دلادی۔تاہم لاس اینجلس ایف سی نے آخری منٹوں میں واپسی کی بھرپور کوشش کی۔ ڈینس بوانگا نے دو اور ریان ہولنگ ہیڈ نے ایک بار گول کیا، لیکن میامی کے گول کیپر آسکر استاری نے جیت کو برقرار رکھنے کے لیے کچھ شاندار بچت کی۔
