متھیشا پتھیرانا کولکتہ کے لیے ایکشن میں نظر آئیں گے
کولمبو، 12 اپریل ( یو این آئی)سری لنکا کے تیز گیند باز متھیشا پتھیرانا نے سری لنکا کرکٹ سے این او سی حاصل کر لیا ہے، جس کے بعد وہ اب کولکتہ نائٹ رائڈر ( کے کے آر) کی ٹیم میں شامل ہونے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔رپورٹس کے مطابق، پتھیرانا 14 اپریل کو چنئی میں اپنی سابقہ فرنچائز چنئی سپر کنگز کے خلاف ہونے والے میچ کے لیے سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔ 23 سالہ فاسٹ بالر پنڈلی کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے سے باہر رہے تھے۔ انہیں آئی پی ایل سے قبل منعقدہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران چوٹ لگی تھی، جس کے بعد سے وہ آرام کر رہے تھے۔کولکتہ نائٹ رائڈرز کی ٹیم اس وقت مشکلات کا شکار ہے۔ ہرشت رانا اور آکاش دیپ کی عدم موجودگی نے ٹیم کے بالنگ اٹیک کو متاثر کیا ہے، لیکن کے کے آر نے پتھیرانا کے متبادل کا مطالبہ کرنے کے بجائے ان کی صحتیابی کا انتظار کیا اور سری لنکا کرکٹ سے مسلسل رابطے میں رہے۔پتھیرانا اپنی تیز رفتاری اور مہلک یارکرز کے لیے مشہور ہیں۔ ان کی واپسی کے کے آر کے لیے ایک بڑا سہارا ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے ہے۔پتھیرانا کی غیر موجودگی میں ٹیم کو غیر ملکی فاسٹ بالرز کی کمی کا سامنا رہا۔ بلیسنگ موزاربانی واحد غیر ملکی تیز گیند باز تھے جنہوں نے اب تک ٹیم کی نمائندگی کی، جبکہ گزشتہ میچ میں کیمرون گرین نے بھی بالنگ میں حصہ لیا تھا۔ اب پتھیرانا کی شمولیت سے کے کے آر کو امید ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں واپسی کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
