نئی دہلی، 31 دسمبر (یو این آئی) ہندوستانی بحریہ کے افسر کی 18 سالہ بیٹی کامیہ کارتھیکین نے تاریخ رقم کرتے ہوئے جنوبی قطب (ساؤتھ پول)تک اسکی کے ذریعے پہنچنے والی سب سے کم عمرہندوستانی اور دنیا کی دوسری کم عمر خاتون بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے یہ کٹھن مہم 27 دسمبر کو مکمل کی۔کامیہ نے تقریباً 115 کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کیا۔ انہوں نے 89 ڈگری ساوتھ سے اپنا سفر شروع کیا اور اپنی تمام ضروریات سے لدی سلیج کو کھینچتے ہوئے جغرافیائی جنوبی قطب تک اسکی کے ذریعے پہنچیں۔اس دوران انہیں انٹارکٹکا کے انتہائی سخت موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑا، جہاں درجہ حرارت منفی 30 ڈگری سیلسیس تک گر گیا اور تیز رفتار ہوائیں چلتی رہیں، مگر اس کے باوجود انہوں نے یہ غیر معمولی کارنامہ انجام دیا۔ان کی کامیابی پر ہندوستانی بحریہ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا،ہندوستانی بحریہ کامیہ کارتھیکین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہے، جو ایک نیول افسر کی بیٹی اور نیوی چلڈرن اسکول کی سابق طالبہ ہیں۔ انہوں نے جنوبی قطب تک اسکی کر کے ایک بار پھر تاریخ رقم کی ہے۔بحریہ نے مزید بتایا کہ کامیہ نے منفی 30 ڈگری سیلسیس کی شدید سردی اور طوفانی ہواؤں کا مقابلہ کرتے ہوئے تقریباً 60 ناٹیکل میل (115 کلومیٹر) کا فاصلہ پیدل طے کیا اور 27 دسمبر کو جنوبی قطب پر پہنچیں۔بارہویں جماعت کی طالبہ کامیہ کارتھیکین کا ہدف دنیا کی سب سے کم عمر شخصیت بننا ہے جو باوقار ایکسپلوررز گرینڈ سلیم مکمل کرے۔ اس چیلنج میں ساتوں براعظموں کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنا اور شمالی و جنوبی دونوں قطبین تک اسکی کرنا شامل ہے۔اس سے قبل وہ سیون سمٹس چیلنج مکمل کر چکی ہیں، جس کے تحت وہ نیپال کی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی سب سے کم عمر ہندوستانی اور دنیا کی دوسری کم عمر خاتون بنیں۔
