وشاکھاپٹنم، 11 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے 13ویں میچ میں اتوار کے روز ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی اے سی اے۔وی ڈی سی اے کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کی مضبوط ٹیم سےمقابلہ کرے گی۔ہندوستان کا ابھی تک کا سفر تضادات سے بھرا رہا ہے۔ سری لنکا اور پاکستان پر فتح نے ٹیم کی چمک دکھائی، مگر جنوبی افریقہ کے خلاف شکست نے بیٹنگ لائن اپ کی غیر مستقل مزاجی کو ظاہر کیا۔اسمرتی مندھانا ابھی تک اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں نہیں بدل سکی ہیں اور تین میچوں میں محض 54 رن بنائے ہیں۔ جمیما روڈریگز، پرَتیکا راول اور یہاں تک کہ کپتان ہرمن پریت کور بھی تسلسل قائم نہیں رکھ پائی ہیں۔اس دباؤ میں نچلا آرڈر ہی اکثر ٹیم کو سہارا دیتا رہا ہے۔ان مشکل حالات میں رچا گھوش امید کی کرن بن کر ابھری ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ان کی 94 رن کی اننگز نے ان کی جارحانہ مگر سنجیدہ بیٹنگ صلاحیت کو اجاگر کیا۔ اسنیہا رانا نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے، مگر آسٹریلیا جیسی تجربہ کار ٹیم کے خلاف صرف ایک یا دو بلے بازوں پر انحصار خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔آسٹریلیا اپنی مکمل فارم میں ہے۔ الیسا ہیلی، الیس پیری، بیتھ مُونی اور فیوبی لِچفیلڈ جیسی بلے باز ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں، جب کہ گریس ہیرس اور ایشلے گارڈنر میچ کا رخ پلٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔کیم گارتھ اور میگن شٹ تیز گیندبازی میں قیادت کر رہی ہیں، جب کہ اسپن میں الانا کِنگ، انا بیل سدرلینڈ اور جارجیا ویئرہیم ٹیم کو گہرائی دیتی ہیں۔وشاکھاپٹنم کی پچ متوازن مقابلہ دے سکتی ہے، تاہم دیر شام اوس پڑنے سے ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم کو مدد مل سکتی ہے۔
ممکنہ ہندوستانی ٹیم:
پرَتیکا راول،اسمرتی مندھانا، ہرلین دیول، ہرمن پریت کور (کپتان)، جمیمہ روڈریگز، رچا گھوش (وکٹ کیپر)، دیپتی شرما، امن جوت کور، اسنیہا رانا، کرانتی گوڑ، شری چرنی۔
ممکنہ آسٹریلیائی ٹیم:
الیسا ہیلی (کپتان و وکٹ کیپر)، فیوبی لِچفیلڈ، الیس پیری، بیتھ مُونی، انا بیل سدرلینڈ، ایشلے گارڈنر، تالیہ میک گرا، جارجیا ویئرہیم، کیم گارتھ، الانا کِنگ، میگن شٹ۔
