کولمبو، 27 اپریل (یو این آئی) اسنیہ رانا (تین وکٹ)، دیپتی شرما اور سری چرنی (دو وکٹ) کی شاندار گیندبازی کے بعد پرتیکا راول (ناٹ آؤٹ 50)، ہرلین دیول (48 ناٹ آؤٹ) اور اسمرتی مندھانا (43) کی شاندار بلے بازی نے ہندوستانی خواتین ٹیم نےبارش سے متاثر سہ روزہ سیریز کے پہلے یک روزہ مقابلے میں سری لنکا کو 56 گیندیں باقی رہتے نو وکٹ سے شکست دے دی۔148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستان نے پرتیکا راول اور اسمرتی مندھانا کی اوپننگ جوڑی کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 54 رنز کی شراکت کے ساتھ اچھی شروعات کی۔ 10ویں اوور میں انوکا راناویرا نے نصف سنچری کی جانب گامزن اسمرتی مندھانا کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو پہلی کامیابی فراہم کی۔ اسمرتی مندھانا نے 46 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے (43) رن بنائے۔ اس کے بعد ہرلین دیول بیٹنگ کے لیے آئیں اور پرتیکا راول کے ساتھ مل کر تحمل سے بیٹنگ کرتے ہوئے 29.4 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 149 رنز بنا کر ہندوستانی ٹیم کو نو وکٹ سے فتح دلادی۔ پرتیکا راول نے 62 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 50 رنز بنائے۔ جبکہ ہرلین دیول نے 71 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے۔اس سے پہلے آج ہندوستانی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بارش کی وجہ سے اس ون ڈے میچ کو 39-39 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ سری لنکا کی بیٹنگ میں شروعات خراب رہی کیونکہ اس نے آٹھویں اوور میں کپتان چماری اتاپتو (سات) کو کھو دیا۔ وہ اروندھتی ریڈی کے ہاتھوں وکٹ کیپر رچا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں۔ 14ویں اوور میں اسنیہ رانا نے ہسینی پریرا (30) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے سری لنکا کی دوسری وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا کی تیسری وکٹ ہرشیتھا سماراویکراما (14) کے رن آؤٹ کے طور پر گری۔ ہنسیما کرونارتنے (چار) کو اسنیہ رانا نے اپنی ہی گیند پر کیچ لیا۔ نیلاکشی ڈی سلوا (10) کو بھی رانا نے اپنی ہی گیند پر کیچ لیا۔ کاویشا دلہری (25) اور پیومی بدلاج (2) کو سری چرنی نے آؤٹ کیا۔
37ویں اوور میں دیپتی شرما نے انوشکا سنجیوانی (22) کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو ان کی آٹھویں وکٹ دلائی۔ اس کے بعد ملاکی مدارا (دو) رن آؤٹ ہوئے۔ دیپتی شرما نے 39ویں اوور کی پہلی گیند پر اچینی کلسوریا (17) کو آؤٹ کر کے سری لنکا کی اننگز 147 پر سمیٹ دی۔ہندوستانی خواتین ٹیم کی جانب سے اسنیہ رانا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ شری چرنی اور دیپتی شرما نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اروندھتی ریڈی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
