نئی دہلی، 12 اگست (یو این آئی) ہندوستان نے بنکاک میں منعقدہ ایشیائی انڈر۔19 اور انڈر۔22 باکسنگ چیمپئن شپ 2025 میں مختلف عمر کے زمروں میں مجموعی طور پر 27 تمغے جیت کر اپنا سفر مکمل کیا۔اولمپکس ڈاٹ کام کے مطابق، ریتیکا نے پیر کو بینکاک میں خواتین کے 80+ کلوگرام زمرے میں طلائی تمغہ جیت کر ایشیائی انڈر۔19 اور انڈر۔22 باکسنگ چیمپئن شپ 2025 میں ہندوستان کی مہم کا اختتام کیا۔ ٹیم نے مختلف عمر کے زمروں میں کل 27 تمغے حاصل کیے۔ریلیزمیں کہا گیا کہ 10 روزہ باکسنگ مقابلے میں براعظم کی بہترین نوجوان صلاحیتیں یکجا ہوئیں، جس میں ہندوستان کی انڈر۔19 ٹیم مجموعی طور پر دوسرے مقام پر رہی جبکہ انڈر۔22 ٹیم چوتھے مقام پر رہی۔ ہندوستان نے 40 باکسرز کا دستہ اتارا تھا — ہر عمر کے زمرے میں 20 کھلاڑی۔ انڈر۔19 ٹیم نے تین طلائی، سات چاندی اور چار کانسی سمیت 14 تمغے جیتے، جبکہ انڈر۔22 باکسرز نے ایک طلائی، چار چاندی اور آٹھ کانسی کے تمغے جیتے۔آخری دن کے بارے میں بتاتے ہوئے، ریلیزمیں کہا گیا، ’’ریتیکا ہندوستان کی واحد انڈر۔22 چیمپئن بن کر ابھریں، جنہوں نے آخری دن 80+ کلوگرام کے فائنل میں قازقستان کی ایسسل ٹوکٹاسین کو شکست دینے کے لیے دباؤ کے باوجود اپنا اعتماد برقرار رکھا۔‘‘یاتری پٹیل کو خواتین کے 57 کلوگرام زمرے میں ازبکستان کی خومورابونو ماماجونووا سے ہارنے کے بعد چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا، جبکہ 60 کلوگرام کے فائنل میں پریا کا عوامی جمہوریہ چین کی یو تیان کے خلاف مقابلہ 3۔2 سے شکست کے ساتھ ختم ہوا۔بعد میں، نیرج نے مردوں کے 75 کلوگرام وزن کے فائنل میں ازبکستان کے شاوکاتجون بولتایف سے ہار کر چاندی کا تمغہ جیتا۔ ایشان کٹاریہ نے بھی 90+ کلوگرام کے طلائی تمغہ مقابلے میں ازبکستان کے خالیمجون ماماسولیو سے شکست کھا کر چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ریلیز میں مزید کہا گیا، ’’اس سال کے آغاز میں، انڈر۔15 اور انڈر۔17 ٹیموں نے ایشیائی چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 43 تمغے جیتے تھے۔ ہندوستان کی انڈر۔15 ٹیم نے مقابلے میں سب سے زیادہ 11 طلائی تمغے جیتے تھے۔‘‘
