برمنگھم، 20 جولائی (یو این آئی) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اتوار کو برمنگھم میں ورلڈ چمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں کھیلا جانے والا ویٹرنز کرکٹ میچ شیکھر دھون سمیت ہندوستانی کھلاڑیوں کے بائیکاٹ کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے۔
دھون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسکرین شاٹ پوسٹ کیا، جس میں لکھا گیا تھا کہ ’’یہ باضابطہ طور پر دہرایا جاتا ہے کہ مسٹر شیکھر دھون آئندہ ڈبلیو سی ایل میں پاکستانی ٹیم کے خلاف کسی بھی میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔ یہ بحث 11 مئی 2025 کو کال اور واٹس ایپ پر ہماری بات چیت کے دوران ہو چکی تھی۔ہماری موجودہ سیاسی صورتحال اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان موجودہ تناؤ کو دیکھتے ہوئے مسٹر دھون اور ان کی ٹیم نے کافی غور و فکر کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ ہم اس معاملے میں لیگ سے تعاون کی درخواست کرتے ہیں۔ ’’ڈبلیو سی ایل کے منتظمین نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے یہ خبر سننے کے بعد کہ پاکستان ہاکی ٹیم اس سال ہندوستان کا دورہ کرے گی اور دونوں ممالک کی انڈر 16 ٹیموں کے درمیان حال ہی میں والی بال میچ دیکھنے کے بعد ٹورنامنٹ میں اس میچ کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میچ میں ہندوستانی کرکٹ لیجنڈز نے اچھا محسوس نہیں کیا تو ہم اس میچ کو منسوخ کر رہے ہیں۔
ڈبلیو سی ایل کا دوسرا ایڈیشن 18 جولائی کو برمنگھم میں شروع ہوا اور اب تک تین میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کھیلا تھا، لیکن اتوار کا میچ ہندوستان کا پہلا میچ ہونا تھا۔ یوراج سنگھ ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں، جبکہ محمد حفیظ پاکستان کے کپتان ہیں۔
ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں ایک بار ایک دوسرے سے کھیلیں گی، جس کے بعد ٹاپ چار ٹیمیں 31 جولائی کو سیمی فائنل اور 2 اگست کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ ٹورنامنٹ برمنگھم، نارتھمپٹن، لیسٹر اور لیڈز میں کھیلا جائے گا۔
