میکائے، 8 اکتوبر (یو این آئی) آسٹریلیا انڈر-19 اور بھارت انڈر-19 کے درمیان دوسرے چار روزہ میچ میں تیز گیند بازوں اور اسپنرز نے ابتدا سے اختتام تک دبدبہ برقرار رکھا۔ یہ میچ محض دو دنوں میں مکمل ہو گیا، جس میں ہندوستانی ٹیم نے شاندار کامیابی حاصل کی۔پہلے میچ میں اگرچہ برسبین کی سازگار حالت میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن خاص کارکردگی نہیں دکھا سکی تھی۔ اُس مقابلے میں میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 243 اور دوسری میں 127 رنز بنائے تھے اور ایک اننگز اور 58 رنز سے شکست کا سامنا کیا تھا۔ آسٹریلوی ٹیم نے اُس میچ میں واپسی کی کچھ کوششیں ضرور کیں، لیکن دوسرے میچ میں ایسی کوئی کارکردگی دیکھنے کو نہیں ملی۔ صرف وکٹ کیپر بلے باز ایلکس لی ینگ نے زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کیا تاہم، ان کے سوا کوئی اور بیٹر کریز پر نہیں ٹک سکا۔انہوں نے میچ کی واحد نصف سنچری (پہلی اننگز میں 66 رنز) اسکور کی، لیکن اس اننگز کے باوجود آسٹریلوی ٹیم 135 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ دوسری اننگز اس سے بھی زیادہ مایوس کن ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 116 رنز پر سمٹ گئی۔ اس طرح ہندوستان کو پہلی اننگز میں 36 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ کم اسکور والے میچ میں ہندوستان کو محض 81 رنز کا ہدف ملا، جو اُس نے تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔دوسرے دن ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز 144-7 پر دوبارہ شروع کی۔ ہینل پٹیل اور دیپیش دیویندرن جلد ہی آؤٹ ہو گئے، جبکہ ہینل کے سی بارٹن کا چوتھا شکار بنے۔ ہندوستان کی اننگز 171 رنز پر ختم ہوئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے چارلس لیشمنڈ، وِل بائرَم اور جولیئن اوسبورن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔دوسری اننگز میں آسٹریلیا کا آغاز نہایت خراب رہا۔ صرف سات اووروں میں 9 رنز پر تین وکٹیں گر گئیں، ہینل نے دو جبکہ اودھو موہن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس کے بعد آسٹریلوی ٹیم دباؤ سے باہر نہ نکل سکی۔ جےڈن ڈریپر (15) اور ینگ (38) کے درمیان چھٹے وکٹ کے لیے 32 رنز کی پارٹنرشپ ہوئی، لیکن یہ زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور پوری ٹیم 40.1 اوورز میں 116 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ہندوستانی گیند بازوں میں ہینل پٹیل اور لیگ اسپنر نمن پُشپک نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ موہن کو دو وکٹیں ملیں۔ اس اننگز میں صرف چار آسٹریلوی بلے باز ہی دوہرے ہندسوں تک پہنچ پائے۔ہدف اگرچہ زیادہ بڑا نہیں تھا، لیکن پچ کی حالت دیکھتے ہوئے ہندوستان کے لیے جیت آسان نہیں سمجھی جا رہی تھی۔ ویبھَو سوریہ ونشی پہلی ہی گیند پر لیشمنڈ کا شکار ہو گئے، جبکہ کپتان آیوش مہاترے بھی 13 رنز پر بولڈ ہو گئے۔ تاہم وہان ملہوترا اور ویدانت تریویدی نے صرف چھ اوورز میں 49 رنز کی شراکت کر کے میچ ہندوستانی کی جھولی میں ڈال دیا۔جب ہندوستانی کو جیت کے لیے 29 رنز درکار تھے، ملہوترا 21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، لیکن تریویدی (33 ناٹ آؤٹ) اور راہل کمار (13 ناٹ آؤٹ) نے محض 12.2 اوورز میں ٹیم کو فتح دلائی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی۔ اس سے قبل ہندوستان ون ڈے سیریز بھی 3-0 سے اپنے نام کی تھی۔
